شہزاد نوید
خیبرپختونخوا اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر عباداللہ خان نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے سوات میں کیے گئے حالیہ خطاب کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے انتہائی غیر ذمہ دارانہ، بچگانہ اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ پر مبنی قرار دیا ہے۔
اپنے ایک اہم بیان میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ایک صوبے کا چیف ایگزیکٹو ہونے کے ناطے وزیراعلیٰ کا اصل کام صوبے اور وفاق کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے، نہ کہ ایسی گفتگو کرنا جس سے تقسیم اور محاذ آرائی کو ہوا ملے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی جیسے حساس اور سنگین قومی مسئلے پر محض سیاسی دعوے اور نعرے لگانے سے امن قائم نہیں ہو سکتا، اگر اس کا حل اتنا ہی آسان ہوتا تو صوبے کے عوام گزشتہ کئی برسوں سے جان و مال کی قربانیاں نہ دے رہے ہوتے۔
ڈاکٹر عباداللہ خان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کے بیانات سے معاملے کی نزاکت سے نااہلی اور غیر پختگی جھلکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام کو جذباتی تقاریر کے بجائے مؤثر حکمرانی، مضبوط پالیسیاں، وفاقی اداروں سے تعاون اور عملی اقدامات درکار ہیں، لیکن صوبائی حکومت اپنی انتظامی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سوات: پاک فوج اور پولیس کی مشترکہ فلیگ ریلی، شہریوں کا افواج پاکستان اور پولیس سے یکجہتی کا اظہار
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کسی اشتعال انگیز بیان بازی کے بجائے صرف اور صرف قومی اتحاد، ریاستی اداروں کے باہمی تعاون اور ذمہ دار قیادت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔





