اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں پولیس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور پوری قوم ان بہادر افسران اور اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن کے امن اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ صفِ اول کا کردار ادا کیا اور اپنے غیر متزلزل عزم کے ذریعے ملک میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، جن کی بدولت آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھی گئی۔ پوری قوم اپنے ان بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے بے لوث خدمات کے ذریعے ملک کی حفاظت کو یقینی بنایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء کے اہلِ خانہ کو بھی خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان خاندانوں کا صبر، حوصلہ اور استقامت قابلِ احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ہر ممکن مدد فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سوات کبل سانحہ، ہیومن رائٹس کمیشن کا حکومت سے بڑا مطالبہ
انہوں نے کہا کہ حکومت شہداء کے اہلِ خانہ کو معیاری تعلیم، بہتر صحت کی سہولیات اور دیگر ضروری اقدامات کے ذریعے تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ ان کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ پولیس کو اپنی قومی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دینے کے لیے جدید سہولیات، وسائل اور تربیت فراہم کی جائے گی، جبکہ پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
شہباز شریف نے قوم پر زور دیا کہ قانون کی حکمرانی، انصاف کے تحفظ، دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کیا جائے اور اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کے مطابق ایک پُرامن، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں۔





