خیبرپختونخوا میں کرپٹ اور ناقص افسران کی فہرست تیار کرنے کا حکم

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری اداروں میں گڈ گورننس کو مزید مؤثر بنانے اور ناقص کارکردگی کے حامل افسران و ملازمین کے خلاف کارروائی کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ان کی منفی فہرست (نیگیٹو لسٹ) مرتب کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

اس حوالے سے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سید شہاب علی شاہ کی زیر صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام انتظامی سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنرز اور مختلف محکموں کے انتظامی سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں گڈ گورننس روڈ میپ پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور سرکاری مشینری کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے متعدد فیصلے کیے گئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ سرکاری مشینری میں بعض ایسے عناصر موجود ہیں جو عوام کے خادم ہونے کے باوجود اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا نہیں کر رہے اور عوامی خدمت کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی سی فنڈز کی شفافیت، محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے حکام کو الرٹ کر دیا

چیف سیکرٹری نے تمام انتظامی سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے محکموں میں ناقص کارکردگی کے حامل افسران اور ملازمین کی نشاندہی کریں اور ایک ہفتے کے اندر ان کی تفصیلی فہرست چیف سیکرٹری آفس کو ارسال کریں۔

ذرائع کے مطابق اس عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے چیف سیکرٹری آفس میں ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے، جو موصول ہونے والی رپورٹس کا جائزہ لے گی اور آئندہ کارروائی کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔

حکومتی حلقوں کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرکاری اداروں میں جوابدہی، شفافیت اور عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے تاکہ مؤثر طرزِ حکمرانی کو فروغ دیا جا سکے۔

Scroll to Top