ایک بھارتی مال بردار جہاز یمن کے مغربی ساحل کے قریب بحیرۂ احمر میں بارودی کشتی سے ٹکرا گیا جس سے زوردار دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اُٹھی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس مبینہ حملے میں بھارتی جہاز کو شدید نقصان پہنچا اور عملے کے متعدد ارکان زخمی بھی ہوگئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
بحری سلامتی سے متعلق اداروں کا کہنا ہے کہ جہاز کے عملے نے فوری طور پر ہنگامی اقدامات کیے جبکہ قریبی بحری حکام کو امدادی کارروائی کے لیے اطلاع دی گئی۔
حملے میں جہاز کو شدید نقصان پہنچا ہے،زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور جہاز کو محفوظ مقام تک پہنچانے کی کوششیں کی گئی تاہم وہ سمندر میں غرقاب ہوگیا۔
دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ جہاز سے نامعلوم پروجیکٹائل ٹکرایا ہے جس کے بعد جہاز ڈوب گیا اور عملے کے تمام ارکان محفوظ ہیں۔





