پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام بانی چیئرمین عمران خان کی قید کے خلاف آج پشاور میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
جلسے کے لیے پشاور موٹروے کے قریب کرکٹ گراؤنڈ میں اسٹیج تیار کر دیا گیا ہے، جبکہ جلسہ گاہ میں دیگر انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔
جلسے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی کی مرکزی اور صوبائی قیادت خطاب کرے گی، جبکہ اہم اعلانات متوقع ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق جلسے کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس کی اضافی نفری رات سے ہی تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ جلسہ گاہ اور اطراف کے علاقوں کی نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا پشاور میں جلسہ گاہ کا دورہ، صوبے کے خراب حالات کا اعتراف بھی کرلیا
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے رنگ روڈ، ناردرن بائی پاس، جی ٹی روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں کے لیے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی قیادت نے پولیس افسران کے ہمراہ جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور سیکیورٹی و انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
حکام کے مطابق جلسے کے دوران سیکیورٹی، ٹریفک اور دیگر انتظامات کی مانیٹرنگ مسلسل جاری رہے گی۔





