سہیل آفریدی کے خطاب سے پہلے شفیع جان کا اہم پیغام جاری

پشاور: وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے تین سال مکمل ہونے پر آج پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کا تاریخی جلسہ منعقد ہوگا۔

اپنے بیان میں شفیع جان کا کہنا تھا کہ جلسے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سمیت پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت شرکت کرے گی، جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی جلسے سے اہم خطاب کریں گے اور تحریک کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا جلسہ عمران خان کی رہائی کی تحریک میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جبکہ خیبر پختونخوا کے عوام اور پارٹی کارکنان بھرپور شرکت کرکے اپنے قائد سے محبت کا اظہار کریں گے۔

شفیع جان کا کہنا تھا کہ تمام تر مقدمات، سیاسی مشکلات اور قید و بند کے باوجود عمران خان عوام کے مقبول ترین رہنما ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کا پشاور میں احتجاجی جلسہ آج، تیاریاں مکمل؛ سیکیورٹی پلان بھی مرتب

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو طویل عرصے سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور اہل خانہ، وکلا اور سیاسی قیادت کو رسائی نہیں دی جا رہی۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتقام، مقدمات اور عوامی مینڈیٹ کی مبینہ پامالی پر قائم حکومت زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آئینی، قانونی اور پرامن جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور عمران خان کی رہائی کے لیے سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔

Scroll to Top