چترال میں گلیشیئر پھٹنے اور کلاؤڈ برسٹ سے تباہی، 2 افراد جاں بحق، اہم شاہراہیں اور پل بہہ گئے

لوئر اور اپر چترال کے مختلف علاقوں میں گلیشیئر پھٹنے، کلاؤڈ برسٹ اور موسلادھار بارشوں کے باعث آنے والے شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔

برائے گول، گمبس گول، غیرت گول، شیشکوہ، کریم آباد، پرئیت گول، ریشن، کوراغ، چرون، بونی، اوی، پرواک اور مستوج میں سیلابی ریلوں سے متعدد مکانات، دکانیں، ہوٹل، سرکاری عمارتیں اور زرعی اراضی شدید متاثر ا جبکہ متعدد گاڑیاں اور سامان ریلوں میں بہہ گیا۔

کئی دکانوں کا سامان اور درجنوں گاڑیاں سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں، سیلابی حادثات میں دو افراد جاں بحق ہوئے، ایک شخص کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ دریائے چترال سے ملنے والی ایک لاش کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

بروز گول میں سیلاب کے باعث بند ہونے والی چترال۔پشاور شاہراہ اور فائبر آپٹک لائن کی بحالی کے بعد تقریباً بائیس گھنٹوں کے وقفے سے شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی جبکہ فور جی، پی ٹی سی ایل اور دیگر انٹرنیٹ سروسز بھی بحال کر دی گئی ہیں۔

غیرت گول میں سیلاب کے بعد بننے والی ڈیم سے دروش کے سید آباد کا علاقہ خطرے کی زد میں ہے، جہاں ہوٹل، گیس پلانٹ، دکانیں، دفاتر اور دیگر عمارتیں پانی کے محاصرے میں ہیں۔

شیشکو کے گاؤں گاؤچ کا واحد رابطہ پل سیلاب میں بہہ گیا، اس سے قبل ٹنگل کا پل بھی سیلاب کی نذر ہو چکا تھاجس سے متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں فائرنگ، پولیس کانسٹیبل جاں بحق؛ واقعے کی تحقیقات شروع

لوئر چترال سے اپر چترال کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا، جبکہ اپر چترال میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں کے باعث کئی رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں۔

Scroll to Top