اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی ، 2 دن میں اربوں کی جائیداد فروخت

اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی ، 2 دن میں اربوں کی جائیداد فروخت

وفاقی ترقیاتی ادارےکے زیراہتمام اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی کے دوران جہاں دوسرے روز مختلف پلاٹس اور تعمیر شدہ دکانوں کی فروخت سے 2 ارب 63 کروڑ 19 لاکھ 86 ہزار روپے حاصل ہوئے، جبکہ پہلے 2 دنوں کے دوران مجموعی طور پر 16 ارب 43 کروڑ 87 لاکھ روپے سے زیادہ مالیت کی جائیداد فروخت کی جا چکی ہے۔
اسلام آباد: سی ڈی اے حکام کے مطابق جناح کنونشن سینٹر میں نیلامی کے دوسرے روز سب سے زیادہ بولی مری روڈ پر واقع ایگرو فارم نمبر 18 کی لگی، جو ایک ارب 21 کروڑ 20 لاکھ روپے میں فروخت ہوا۔
اسی طرح مری روڈ پر ہی واقع ایگرو فارم نمبر 17 اے 96 کروڑ 60 لاکھ روپے میں نیلام کیا گیا، جس نے دوسرے روز کی نیلامی میں نمایاں توجہ حاصل کی۔
نیلامی کے دوران بلیو ایریا پارکنگ پلازہ میں قائم تعمیر شدہ دکانوں کی بھی کامیاب بولی ہوئی، حکام کے مطابق شاپ نمبر 8 اے 15 کروڑ 26 لاکھ 46 ہزار روپے، شاپ نمبر 10 اے 14 کروڑ 77 لاکھ 6 ہزار روپے جبکہ شاپ نمبر 12 اے 15 کروڑ 36 لاکھ 34 ہزار روپے میں فروخت ہوئی۔
سی ڈی اے کے مطابق نیلامی کے پہلے روز 13 ارب 80 کروڑ 68 لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کے کمرشل پلاٹس فروخت ہوئے تھے، جبکہ دوسرے روز ہونے والی فروخت کو ملا کر 2 دنوں میں مجموعی طور پر 16 ارب 43 کروڑ روپے سے زیادہ کی بولیاں موصول ہو چکی ہیں۔

Scroll to Top