اسلام آباد: وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحان کی تاریخ تبدیل کر دی ہے، جس کے بعد اب امتحان 16 اگست کے بجائے 20 ستمبر 2026 کو منعقد ہوگا۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق امتحان کی تاریخ میں تبدیلی کا فیصلہ امیدواروں کو تیاری کے لیے مزید وقت فراہم کرنے اور امتحانی عمل کو مزید منظم، شفاف اور محفوظ بنانے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
کونسل کے مطابق ایم ڈی کیٹ امتحان کے دیگر تمام قواعد و ضوابط، شرائط اور انتظامات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، صرف امتحان کی تاریخ کو ری شیڈول کیا گیا ہے۔
پی ایم ڈی سی حکام نے بتایا کہ نئی تاریخ کے اعلان کے بعد امیدواروں کو تیاری مکمل کرنے کے لیے اضافی وقت دستیاب ہوگا، جبکہ امتحان کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق جاری رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : مہمند میں گاڑی کی ٹکر سے کمسن شربت فروش جاں بحق
اعلامیے میں تمام امیدواروں، والدین، تعلیمی اداروں اور متعلقہ فریقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحان سے متعلق تازہ ترین معلومات، شیڈول اور دیگر اپ ڈیٹس کے لیے پی ایم ڈی سی کی سرکاری ویب سائٹ اور مستند ذرائع سے رابطے میں رہیں۔
پی ایم ڈی سی نے امتحان کی تاریخ میں تبدیلی سے ہونے والی ممکنہ زحمت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کو سراہا ہے۔
کونسل کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل میں امتحانی انتظامات سے متعلق کسی مزید تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس حوالے سے باضابطہ اطلاع جاری کی جائے گی۔





