ویزے میں حقائق چھپانے کا جرم ثابت: پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر 2 سال کی پابندی اور 10 لاکھ جرمانہ عائد کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویزا درخواست میں گمراہ کن اور نامکمل معلومات فراہم کرنے پر ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ان پر 2 سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ اس پابندی کے بعد کرکٹر ہر قسم کی ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

پی سی بی کے مطابق حمزہ نذر پر ویزا عمل کے دوران اہم حقائق چھپانے کا الزام ثابت ہوا تھا۔ معاملے کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے کھلاڑی کو اپنا موقف پیش کرنے کا مکمل موقع دیا۔ انکوائری کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ اور سفارشات کی روشنی میں ہی ان کے خلاف اس کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

ترجمان پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ ویزا یا کسی بھی باضابطہ عمل کے دوران غلط معلومات فراہم کرنا، حقائق چھپانا اور گمراہ کن بیانات دینا بالکل ناقابل قبول ہے۔ پاکستان کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پی سی بی کی اس تادیبی کارروائی پر فی الوقت حمزہ نذر کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

کرک انفو کی تفصیلات کے مطابق حمزہ نذر نے 16 فرسٹ کلاس میچز کی 27 اننگز میں 29.92 کی اوسط سے 748 رنز بنائے ہیں، جس میں ایک سنچری اور 5 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ ان کا بہترین اسکور ناٹ آؤٹ 175 رنز رہا۔

یہ بھی پڑھیں : ساجد خان کی جادوئی باؤلنگ، دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی

باؤلنگ میں انہوں نے 37.23 کی اوسط سے 26 وکٹیں حاصل کی ہیں جن میں دو مرتبہ اننگز میں 5 وکٹیں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، انہوں نے 15 لسٹ اے میچز میں 192 رنز بنانے کے ساتھ 18 وکٹیں اور 10 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 65 رنز اور 3 وکٹیں اپنے نام کر رکھی ہیں۔

Scroll to Top