سوات میں سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پر پولیس کا فوری ایکشن، باپ سمیت 5 افراد گرفتار

شہزاد نوید
سوات:سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو پر تھانہ مدین پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک نوجوان پر تشدد کرنے کے الزام میں اس کے والد، تین بھائیوں اور چچا کو گرفتار کرلیا۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ چند افراد ایک بند کمرے میں ایک نوجوان کے بال کاٹ رہے ہیں، اسے تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں اور اس کے چہرے پر سیاہی لگا رہے ہیں۔

واقعے کا ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات مشتاق احمد نے سخت نوٹس لیا، جس کے بعد ایس ایچ او تھانہ مدین عزیز خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر واقعے میں ملوث افراد کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں متاثرہ نوجوان کا والد عقل محمد، اس کے تین بیٹے احسان، برکت علی اور انور علی جبکہ چچا تاج محمد شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سوات کے جہانزیب کالج میں افسوسناک واقعہ، طالب علم جاں بحق

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم والد نے اپنے بیٹوں اور بھائی کے ہمراہ اپنے بیٹے گران باچا کو شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں رقص کرنے پر مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے نوجوان کے بال کاٹے اور اس کے چہرے پر سیاہی بھی لگائی۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں پابندِ سلاسل کردیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔

Scroll to Top