وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ کسی کے خلاف جارحیت کے لیے نہیں بلکہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گزشتہ برس دفاعی معاہدہ ہواجبکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دہائیوں پر محیط تعاون موجود ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ پہلے سے موجود تعاون کا تسلسل ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کی ذمہ داری پاکستان کے عوام اور افواج کیلئے ایک اہم فریضہ ہے۔ انہوں نے معاہدے کیلئےفیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان معاہدے کیلئے ہونے والی کوششیں بالآخر کامیاب ہوگئی ہیں۔
وزیراعظم نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں دن رات جاری ہیں اور ایک دن آئے گا جب پاکستان دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک ہوگا۔
انہوں نے ہنگو، سوات اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے بلدیاتی ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری
وزیراعظم نے میجر حافظ احسان الٰہی، کیپٹن حمزہ اکرم، ڈی ایس پی دیار خان سمیت تمام شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہنگو میں ہمارے کئی پولیس اہلکار شہید ہوئے، سوات میں بھی سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
کیپٹن حمزہ اکرم اور ڈی ایس پی دیار خان سمیت دیگر شہدا نے ملک اور دھرتی کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کو دن رات ختم کیا جا رہا ہے اور پاکستان دوبارہ دہشت گردی سے پاک ہو کر امن و ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔





