بارشوں کی پیشگوئی

خیبر پختونخوا میں بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

خیبر پختونخوا میں 12 اگست کی رات سے 15 اگست کے دوران مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی سامنے آئی ہے جس پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہنگامی بنیادوں پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اور وسطی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہےجس کے باعث حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کا حکم دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کو سڑکوں اور نکاسیِ آب کے نظام کو کلیئر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تا کہ بارش کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ تمام متعلقہ اداروں کو صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی جاری رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، جبکہ سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ عوام کو دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے اور شدید بارش کے دوران ہائیکنگ، ٹریکنگ اور کیمپنگ سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شہری سیلابی پانی میں پیدل چلنے یا گاڑی گزارنے کی کوشش نہ کریں اور گرج چمک کے دوران بجلی کی کھلی تاروں اور برقی آلات سے دور رہیں۔ والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں کو دریاؤں، ندی نالوں، گڑھوں اور پانی کی نکاسی کے راستوں سے دور رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں : ویٹرنری اسسٹنٹ کی 141 آسامیوں پر صرف 102 امیدوارکامیاب، حکام مشکل میں پڑگئے

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں شہری فوری طور پر 1700 پر اطلاع دے سکتے ہیں۔

Scroll to Top