کاشف الدین سید
محکمہ لائیوسٹاک خیبرپختونخوا کی جانب سے ویٹرنری اسسٹنٹ کی 141 آسامیوں کے لیے منعقدہ ٹیسٹ میں 3 ہزار سے زائد امیدواروں میں سے صرف 102 امیدوار ہی مطلوبہ 50 فیصد نمبر حاصل کر کے کامیاب ہو سکے۔
آسامیوں سے کم امیدوار پاس ہونے کے باعث محکمہ لائیوسٹاک نے پاسنگ مارکس میں کمی کرنے کی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ لائیوسٹاک نے ویٹرنری اسسٹنٹ کی 141 آسامیوں پر بھرتی کے لیے نیٹ ایجوکیشن ٹیسٹنگ ایجنسی (اپنا) کے ذریعے ٹیسٹ منعقد کرایا تھا۔ ٹیسٹ کے انعقاد کے حوالے سے محکمہ اور ایجنسی کے درمیان ہونے والے معاہدے میں یہ شق شامل تھی کہ پاس ہونے کے لیے کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت نےافغان مہاجرین کی خالی کردہ زمینوں پر جنگلات قائم کرنے کی منظوری دے دی
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میں 3 ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی، تاہم صرف 102 امیدوار ہی 50 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کر سکے۔ 141 آسامیوں کے مقابلے میں کامیاب امیدواروں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے محکمہ لائیوسٹاک کو بھرتی کا عمل مکمل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہےجس کے باعث اب پاسنگ مارکس میں کمی کی تجویز زیر غور ہے۔





