اسلام آباد: جشنِ آزادی کے موقع پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق دونوں شہروں میں 13 اور 14 اگست کو بھاری ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔ پابندی کا مقصد جشنِ آزادی کے دوران جڑواں شہروں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اور شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
ترجمان کے مطابق ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی 13 اگست رات 12 بجے سے 14 اگست رات 12 بجے تک نافذ رہے گی۔ اس دوران بھاری گاڑیوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
موٹروے پولیس نے شہریوں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ پابندی کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سفری منصوبے ترتیب دیں اور مقررہ وقت کے دوران ہیوی ٹریفک کو جڑواں شہروں کی جانب لانے سے گریز کریں۔
دوسری جانب جشنِ آزادی کے دوران غیر ملکی وفود کی آمدورفت اور شہریوں کی بڑی تعداد کے متوقع رش کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے بھی ٹریفک کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے مختلف مقامات پر ڈائیورشنز دیے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جشنِ آزادی میں ایک روز باقی، پورا پاکستان سبز ہلالی رنگ میں رنگ گیا
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، متبادل راستوں سے متعلق ہدایات پر عمل کریں اور ٹریفک پولیس و موٹروے پولیس کے اہلکاروں سے تعاون کریں۔
اسلام آباد کے مختلف ٹریلز 13 اگست کو بند رہیں گے
جشنِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد کے مختلف ٹریلز کو بھی 13 اگست کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹریل 2، ٹریل 3، ٹریل 4 اور ٹریل 5 سمیت سیدپور ویلیج سے ملحقہ ٹریل بھی 13 اگست بروز جمعرات بند رہے گا۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ دن ان ٹریلز کا رخ کرنے سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔





