ہری پور: خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں فائرنگ کے ایک واقعے میں محکمہ صحت کا ملازم جاں بحق ہوگیا، جبکہ اس کی اہلیہ محفوظ رہی۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعہ تھانہ سٹی کی حدود میں جی ٹی روڈ پر درویش موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی کو ایک نامعلوم مسلح شخص نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں شوہر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ اس کی اہلیہ محفوظ رہی۔
پولیس کے مطابق دونوں میاں بیوی محکمہ صحت کے ملازم تھے اور موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ نامعلوم ملزم نے انہیں نشانہ بنایا۔ واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ میں ٹرک الٹنے سے ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی
واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ سٹی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تفتیش کا آغاز کردیا۔ جاں بحق شخص کی لاش ٹراما سنٹر منتقل کردی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔





