علامہ اقبال سے متعلق متنازع بیان پر مولانا نسیم علی شاہ کا یوٹرن، عوام کے شدید ردعمل پر اپنے ہی الفاظ سے پیچھے ہٹ گئے

بنوں : پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مولانا نسیم علی شاہ نے 14 اگست کو قومی شاعر علامہ محمد اقبال سے متعلق دیے گئے اپنے متنازع بیان پر یوٹرن لیتے ہوئے اسے ’زبان کی پھسلن‘ قرار دے دیا۔

مولانا نسیم علی شاہ نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ وہ پاکستانی ہیں اور پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے گزشتہ بیان کو مخالفین نے ایک اور رنگ دے دیا، جبکہ ان کا مقصد ایسا ہرگز نہیں تھا۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ علامہ اقبال ہمارے قومی شاعر، قومی ہیرو اور پاکستان کا فخر ہیں۔ ان کے بقول وہ خود بھی علامہ اقبال کے نظریے کو فالو کرتے ہیں، تحریک انصاف والے بھی علامہ اقبال کو فالو کرتے ہیں اور ہر پاکستانی علامہ اقبال کو فالو کرتا ہے۔

مولانا نسیم علی شاہ نے مزید کہا کہ 14 اگست کو علامہ اقبال کے حوالے سے انہوں نے جو بات کہی تھی، اسے مخالفین نے اپنے انداز میں پیش کیا اور ان کے خلاف خود سے باتیں بنائی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں : شاعر مشرق کی توہین ناقابل برداشت: پی ٹی آئی ایم این اے مولانا نسیم علی شاہ کے توہین آمیز بیان پر شدید عوامی درعمل

واضح رہے کہ بنوں میں ایک سیاسی اجتماع سے خطاب کے دوران مولانا نسیم علی شاہ کے بیان پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔ ان کے بیان کو علامہ اقبال کے حوالے سے نامناسب اور متنازع قرار دیتے ہوئے مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی تھی۔

تاہم اب مولانا نسیم علی شاہ نے اپنے وضاحتی بیان میں نہ صرف علامہ اقبال کو قومی شاعر اور قومی ہیرو قرار دیا بلکہ گزشتہ بیان کو زبان کی پھسلن قرار دیتے ہوئے اس کی وضاحت بھی پیش کردی ہے۔

یوں علامہ اقبال سے متعلق متنازع گفتگو کے بعد مولانا نسیم علی شاہ نے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹتے ہوئے وضاحت پیش کردی ہے، جسے سوشل میڈیا پر ان کے ’یوٹرن‘ کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top