راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب

راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، جبکہ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 17 فٹ تک پہنچ گئی۔

دونوں شہروں میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔ گولڑہ میں 144 ملی میٹر اور بوکرہ میں 132 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پیر ودھائی میں 105، گوالمنڈی میں 77، شمس آباد میں 41 اور کچہری کے علاقے میں 60 ملی میٹر بارش ہوئی۔

بارش کے باعث گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کا بہاؤ 15 فٹ تک پہنچ گیا، جبکہ ڈھوک کھبہ اور صادق آباد میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

ضلعی انتظامیہ نے نالہ لئی کے اطراف رہائش پذیر افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : علامہ اقبال سے متعلق متنازع بیان پر مولانا نسیم علی شاہ کا یوٹرن، عوام کے شدید ردعمل پر اپنے ہی الفاظ سے پیچھے ہٹ گئے

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 21 اگست تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔

فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا ڈیم، کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ ملک کے دیگر دریاؤں میں صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

Scroll to Top