اقساط پر گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

کراچی: پاکستان میں بینکوں کے ذریعے گاڑیوں کی خریداری کے لیے فنانسنگ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور آٹو فنانسنگ پہلی مرتبہ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 میں آٹو فنانسنگ گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 35.2 فیصد بڑھ گئی۔ جولائی 2025 میں آٹو فنانسنگ کا حجم 286 ارب روپے تھا، جو جولائی 2026 میں بڑھ کر 386 ارب روپے ہوگیا۔

اعداد و شمار کے مطابق جون 2026 کے مقابلے میں بھی آٹو فنانسنگ میں ماہانہ بنیاد پر 1.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں الیکٹرک بائیکس اور اسکوٹرز کی نئی رینج متعارف

ماہرین کے مطابق آٹو فنانسنگ میں اضافے کے پیچھے کئی عوامل کارفرما ہیں، جن میں بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی میں اضافہ، گاڑیوں کے لیے قرض لینے کی بڑھتی ہوئی طلب اور نجی شعبے کے قرضوں میں مجموعی اضافہ شامل ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2026 میں نجی شعبے کے قرضوں کا حجم 15 فیصد اضافے کے بعد 10.9 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا۔

ماہرین نے آٹو فنانسنگ میں ریکارڈ اضافے کو ملک کی آٹو انڈسٹری کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

تاہم ان کا کہنا ہے کہ فنانسنگ میں ہونے والے اس اضافے کو گاڑیوں کی فروخت میں اسی تناسب سے اضافے کا براہِ راست ثبوت قرار نہیں دیا جاسکتا۔

Scroll to Top