اسلام آباد: پنجاب بھر میں تین ماہ کی طویل گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد سکول دوبارہ کھل گئے، جس کے ساتھ ہی طلباء کی تعطیلات ختم اور تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر کے سکولوں میں 22 مئی سے 23 اگست تک تعطیلات رہی۔ طویل وقفے کے بعد سکول کھلنے کے پہلے روز طلباء کی حاضری معمول سے کم رہی، تاہم سکول پہنچنے والے بچوں میں اپنے اساتذہ اور دوستوں سے دوبارہ ملنے پر خوشی نمایاں تھی۔
طلباء کا کہنا تھا کہ مسلسل گھر میں رہنے کے باعث وہ اکتاہٹ محسوس کرنے لگے تھے، اس لیے سکول واپسی پر انہیں خوشی ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ آج ہو رہی ہے
ان کے مطابق اساتذہ کی براہِ راست رہنمائی میں سبق سمجھ کر پڑھنے سے سیکھنے کا عمل زیادہ مؤثر ہوتا ہے۔ طلباء نے یہ بھی بتایا کہ رواں سال گزشتہ سال کے مقابلے میں تعطیلات کا دورانیہ زیادہ رہا۔
دوسری جانب اساتذہ کا کہنا ہے کہ سکول کھلنے کے پہلے روز طلباء کی حاضری عموماً کم ہوتی ہے،
تاہم آئندہ ایک سے دو روز کے دوران حاضری میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے اور امکان ہے کہ طلباء کی حاضری تقریباً سو فیصد تک پہنچ جائے گی۔





