قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام طلب، 16 نکاتی ایجنڈا جاری

اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے ہوگا، اجلاس کا 16 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے جس میں مختلف اہم بلز اور عوامی مسائل زیر بحث آئیں گے۔

قومی اسمبلی اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک، حدیث، نعت اور قومی ترانے سے ہوگا، جس کے بعد ارکان کے سوالات اور ان کے جوابات دیے جائیں گے۔ اسلام آباد کے میڈیکل کالجز اور نجی اسپتالوں کی بھاری فیسوں کا معاملہ بھی ایوان میں اٹھایا جائے گا۔

ایجنڈے کے مطابق وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نیشنل اسکلز یونیورسٹی ترمیمی بل 2026، وفاقی اردو یونیورسٹی ترمیمی بل 2026 اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ترمیمی بل 2026 ایوان میں پیش کریں گے۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نیشنل میٹرولوجی انسٹی ٹیوٹ ترمیمی بل 2026 پیش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول کی قیمت میں 130 روپے 75 پیسے ٹیکس اور مارجنز، شہریوں سے اضافی رقم وصول

اس کے علاوہ سینیٹ سے منظور شدہ ٹریول ایجنسیز ترمیمی بل 2026، پاکستان ٹورسٹ گائیڈز ترمیمی بل 2026 اور پاکستان ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ترمیمی بل 2026 بھی قومی اسمبلی میں زیر غور آئیں گے۔ پاکستان ٹورسٹ گائیڈز ترمیمی بل 2026 کو منظور کرنے کی تحریک بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر کے علاوہ رول 18 کے تحت دیگر اہم معاملات بھی اٹھائے جائیں گے۔ صدر مملکت کے 2 مارچ 2026 کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پر بھی بحث ہوگی۔

دریں اثنا لیہ میں دریائے سندھ کے مسلسل کٹاؤ اور سیلاب کے خطرے کا معاملہ بھی قومی اسمبلی میں اٹھایا جائے گا، جس پر ارکان کی جانب سے توجہ دلانے کی توقع ہے۔

Scroll to Top