کامران علی شاہ
پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اور رکن قومی اسمبلی انور تاج کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نہ نکالنے کے خلاف دائر توہین عدالت درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
عدالت نے فریقین سے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ طلب کی تھی، تاہم فریقین کی جانب سے رپورٹ جمع کرانے کے لیے مزید مہلت کی استدعا کی گئی۔
پشاور ہائیکورٹ نے فریقین کو مہلت دیتے ہوئے 31 اگست تک عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں سرکاری افسران و اہلکاروں کے خلاف احتسابی کارروائیوں پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ
درخواست گزار کے وکیل بشیر خان وزیر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ انور تاج رکن قومی اسمبلی ہیں اور ان کا نام پی سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق عدالت پہلے ہی انور تاج کا نام پی سی ایل سے نکالنے کا حکم دے چکی ہے، تاہم عدالتی احکامات کے باوجود نام تاحال لسٹ سے نہیں نکالا گیا۔
وکیل نے مزید بتایا کہ انور تاج کی ایل ایل بی گریجویشن کانووکیشن تقریب لندن میں ہے اور وہ اس سلسلے میں لندن جانا چاہتے ہیں۔
عدالت نے فریقین کو ہدایت کی کہ وہ 31 اگست تک عمل درآمد رپورٹ جمع کرائیں، جبکہ درخواست پر مزید کارروائی آئندہ سماعت پر ہوگی۔





