تعلیمی اداروں میں افغان بچوں کے نئے داخلوں پر پابندی، نجی سکولوں سے تفصیلات طلب

پشاور: تعلیمی اداروں میں افغان بچوں کے نئے داخلوں کے حوالے سے نئی پالیسی نافذ کردی گئی، جس کے تحت سرکاری تعلیمی اداروں میں نئے مہاجر بچوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پرائیویٹ تعلیمی اداروں سے اب تک خارج کیے گئے افغان طلباء اور اس وقت زیرِ تعلیم افغان طلباء کی تفصیلات الگ الگ طلب کرلی گئی ہیں۔

پشاور کے نجی تعلیمی اداروں کی نگران اتھارٹی پی ایس آر اے کی جانب سے سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مطلوبہ تفصیلات فراہم کی جائیں۔ تفصیلات فراہم نہ کرنے والے نجی سکولوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی رجسٹریشن منسوخ کی جاسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انور تاج کا نام پی سی ایل سے نہ نکالنے پر توہین عدالت درخواست، پشاور ہائیکورٹ کا تحریری حکم جاری

ذرائع کے مطابق سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم مہاجر بچوں کے حوالے سے نئی پالیسی سے متعلق متعلقہ اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے، جس کے تحت نئے داخلوں میں افغان بچوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بغیر ویزے کے موجود مہاجر بچوں کو سرکاری تعلیمی اداروں سے نکالنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جبکہ اس حوالے سے یکم ستمبر سے مزید سخت اقدامات شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

حکام کی جانب سے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو نئی پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top