ایک اور بین الاقوامی ایئرلائن کی پاکستان کے لیے پروازیں شروع کرنے کا امکان

پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان فضائی رابطے مزید بہتر ہونے کی امید پیدا ہوگئی، ملائیشیا ایئرلائنز کی جانب سے جلد کراچی کے لیے پروازیں شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

اس حوالے سے پیش رفت سندھ کے گورنر سید محمد نہال ہاشمی اور نومنتخب ملائیشین قونصل جنرل محمد یونس ابراہیم کے درمیان گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔

ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات پر بھی گفتگو کی۔

ملائیشین قونصل جنرل نے بتایا کہ ملائیشیا ایئرلائنز جلد کراچی کے لیے پروازیں شروع کرسکتی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سفر مزید آسان ہونے کے ساتھ ساتھ کاروباری اور سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کاروباری و تجارتی وفود کے تبادلوں میں اضافے پر بھی اتفاقِ رائے کا اظہار کیا گیا۔

محمد یونس ابراہیم نے کہا کہ اقتصادی سفارت کاری ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی، الیکٹرک گاڑیوں اور شمسی توانائی سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے امکانات کو بھی اجاگر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نئی سعودی ایئرلائن کی پاکستان کیلئے پروازیں کب شروع ہوں گی؟ تاریخ سامنے آگئی

سندھ کے گورنر نے پاکستان میں موجود سیاحتی مقامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا سے مزید سیاحوں کو پاکستان کی جانب راغب کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے سرجیکل آلات کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ممکنہ طور پر ملائیشیا ایئرلائنز کی کراچی کے لیے پروازوں کا آغاز دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط، سیاحت، کاروباری سرگرمیوں اور معاشی تعاون کے فروغ میں اہم پیش رفت ثابت ہوسکتا ہے۔

Scroll to Top