گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی پولیس کیلئے خصوصی سکیورٹی چیلنج الاؤنس، اضافی فنڈز اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں روپے کی مالی معاونت کی تجاویز کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
منظور شدہ تجاویز کے مطابق جنوبی اور ضم شدہ اضلاع میں تعینات پولیس اہلکاروں کو بنیادی تنخواہ کا 120 فیصد، دیگر بندوبستی اضلاع میں 100 فیصد جبکہ ہزارہ ریجن میں 75 فیصد الاؤنس دینے کی تجویز ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے منٹس جاری کر دیے گئے ہیں، جن میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ منظور شدہ تجاویز کو باضابطہ منظوری کیلئے سمری کی شکل میں پیش کیا جائے۔
اجلاس کی دستاویزات کے مطابق سکیورٹی چیلنج الاؤنس کا مقصد دہشت گردی کے خطرات، آپریشنل مشکلات اور نامساعد حالات میں فرائض انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو مالی ریلیف فراہم کرنا ہے، اس الاؤنس کے باعث ماہانہ مالی اثرات کا تخمینہ 5 ارب 15 کروڑ 90 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔
اجلاس میں مالی سال 2026-27 کیلئے پولیس کے پہلے سے مختص، لیکن تاحال جاری نہ ہونے والے خریداری کے بجٹ کو جاری کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اضاخیل گندم اسکینڈل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی، تحقیقات جلد سامنے لائیں گے، گورنر خیبرپختونخوا کا اعلان
اس کے علاوہ اسلحہ، گولہ بارود، جدید آلات، گاڑیوں اور دیگر ضروری وسائل کی خریداری کیلئے 13 ارب 87 کروڑ 10 لاکھ روپے کے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی تجویز پر بھی اصولی اتفاق کیا گیا۔
پولیس کے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کیلئے 12 ارب 22 کروڑ 50 لاکھ روپے جاری کرنے کی تجویز بھی اجلاس میں منظور کی گئی۔
متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام تجاویز کو باضابطہ منظوری کیلئے سمری کی صورت میں پیش کیا جائے۔
الاؤنس اور دیگر مالی معاونت کی تجاویز پر عمل درآمد کیلئے متعلقہ حکام کی جانب سے آئندہ کارروائی اور باضابطہ منظوری اہم ہوگی۔





