برمنگھم ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر رضا اللہ نے کمال کی بلے بازی کرتے ہوئے نہ صرف پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچا لیا بلکہ ریکارڈز کی ایک طویل فہرست بھی اپنے نام کر ڈالی۔
انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں جب ٹیم مشکل میں تھی، تو رضا اللہ نویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور آتے ہی ٹیسٹ میچ سے ٹی ٹوینٹی بنا ڈالا،
انہوں نے محض 63 گیندوں پر 81 رنز کی شاندار اور طوفانی اننگز کھیل کر پاکستان کو 130 رنز کی برتری دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس یادگار اننگز کے دوران رضا اللہ نے 9 چھکے لگا کر ٹیسٹ ڈیبیو پر سب سے زیادہ چھکے مارنے کا عالمی ریکارڈ برابر کر دیا۔
ان کا ساتھ دینے والے محمد عباس نے بھی 42 رنز کی اننگز میں 2 چھکے لگائے، یوں ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ نمبر 9 سے 11 تک کے کھلاڑیوں نے فاسٹ بولرز کو ملا کر مجموعی طور پر 10 چھکے جڑے۔
رضا اللہ یہیں نہیں رکے بلکہ انہوں نے صرف 43 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، جو ٹیسٹ ڈیبیو پر کسی بھی پاکستانی بلے باز کی تیز ترین ففٹی ہے۔
اس سے پہلے یہ اعزاز فہیم اشرف کے پاس تھا جنہوں نے 2018 میں 52 گیندوں پر پچاس رنز بنائے تھے،اس کے علاوہ وہ گزشتہ 15 سال میں ایسے پہلے پاکستانی بیٹر بھی بن گئے ہیں جنہوں نے ایک ہی اننگز میں تیز گیند بازوں کو 8 چھکے لگائے ہوں۔
برمنگھم ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 11 اور دوسری میں 81 رنز بنانے کے بعد رضا اللہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی کھلاڑی بھی بن چکے ہیں۔
میچ کے آخری لمحات میں پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 449 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اور اب انگلینڈ کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف ملا ہے جبکہ آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے اور پانچیں روز کا کھیل ابھی باقی ہے ۔





