پی ٹی آئی کے اندر اختلافات شدت اختیار کر گئے، ڈی آئی خان کے ترقیاتی فنڈز پر تنازع

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: پاکستان تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات کے درمیان خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے ترقیاتی فنڈز کے اجرا کا معاملہ سامنے آگیا۔

سینئر صحافی ارشد عزیز ملک کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے تعلقات کشیدہ بتائے جاتے ہیں، جبکہ علی امین گنڈاپور کی جانب سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا فون نمبر بلاک کیے جانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کے رکن فیصل امین گنڈاپور نے ڈیرہ اسماعیل خان کے فنڈز روکے جانے کی تصدیق کرتے ہوئےنجی ٹی وی کو بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی آخری ریلیز، جس کی مجموعی مالیت 43 ارب روپے تھی، میں ڈی آئی خان کو صرف 8 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔

فیصل امین گنڈاپور کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر 50 سے 60 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا کام مکمل ہوچکا ہے، جس کی ادائیگیاں واجب الادا ہیں، تاہم مالی سال 2026-27 میں ان منصوبوں کے لیے صفر بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے ایس ڈی آئی، ڈی آئی خان کے لیے بھی رواں مالی سال کوئی بجٹ مختص نہیں کیا گیا اور اس منصوبے کی بجٹ تخصیص بھی صفر ہے۔

فیصل امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ایک طرف جاری منصوبوں پر کروڑوں روپے کا کام مکمل ہوچکا ہے اور اس کی ادائیگیاں باقی ہیں، جبکہ دوسری جانب نئے مالی سال میں ان منصوبوں کے لیے کوئی فنڈز مختص نہیں کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : 9 مئی ریڈیو پاکستان کیس، فرانزک رپورٹ میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ملوث ہونے کی تصدیق

ان کے مطابق رواں مالی سال ڈیرہ اسماعیل خان کے تقریباً تمام شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص بجٹ اور جاری فنڈز نہ ہونے کے برابر ہیں۔ فیصل امین گنڈاپور نے الزام عائد کیا کہ علی امین گنڈاپور سے سیاسی اختلافات اور مبینہ دشمنی کی سزا ڈی آئی خان کے عوام کو دی جارہی ہے، جس کے باعث انہیں ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈی آئی خان کے اے ڈی پی 2026-27 کے اعداد و شمار کے مطابق ترقیاتی پروگرام میں 52 اسکیمیں شامل ہیں، جن کی مجموعی تخمینی لاگت 102.92 ارب روپے ہے۔ ان اسکیموں میں 35 پرانی جبکہ 17 نئی اسکیمیں شامل ہیں۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026-27 کے لیے ان اسکیموں پر 5.59 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، تاہم اب تک صرف 80 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔

ڈی آئی خان کے ترقیاتی فنڈز کے اجرا کا معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے درمیان سیاسی اختلافات کی خبریں پہلے ہی گردش میں ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خزانہ مزمل اسلم نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ رواں مالی سال کے مکمل بجٹ کا 40 فیصد ایک ہی بار جاری کردیا گیا ہے، جو ان کے بقول خیبرپختونخوا کی تاریخ میں سب سے زیادہ فنڈز کا اجرا ہے۔

مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ ضلع وار فنڈز کے اجرا کی درست تفصیل محکمہ منصوبہ بندی و ترقی (پی اینڈ ڈی) ہی فراہم کرسکتا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top