متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے مطالبے کو عملی شکل دینے کے لیے سڑکوں پر آنے کا اعلان کردیا۔
نیو کراچی میں خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایوانوں اور سیاسی فورمز پر اپنا مؤقف پیش کرنے کے بعد اب سڑکوں پر اپنی طاقت دکھانے کا وقت آگیا ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے اعلان کیا کہ پہلے مرحلے میں آئندہ اتوار ضلع وسطی کراچی میں احتجاج اور ریلی نکالی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کراچی کو الگ صوبہ بنانے کی بات نہیں کر رہی بلکہ پورے ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے ساتھ لاہور، پشاور، ملتان، لاڑکانہ اور دیگر شہروں میں بھی نئے صوبوں کی بات کی جائے گی۔ ان کے مطابق نئے صوبوں کا مطالبہ کسی فرد یا سیاسی جماعت کے سربراہ سے زیادہ اہم ہے، جبکہ ایم کیو ایم کی اصل طاقت اس کے کارکن اور سڑکیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صوبہ ہزارہ وقت کی ضرورت ہے، آئینی و قانون جدوجہد جاری رکھیں گے، وفاقی وزیر سردار محمد یوسف
ایم کیو ایم چیئرمین کا کہنا تھا کہ اب بلدیاتی اختیارات کا مطالبہ واپس لیتے ہیں، صوبہ لیں گے اور اس کے بعد اپنا بلدیاتی قانون خود بنائیں گے۔ پاکستان کو تقسیم نہیں کیا جاسکتا، تاہم نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کا قیام ممکن ہے۔
خواتین کنونشن سے کشور زہرہ اور نسرین جلیل نے بھی خطاب کیا اور نئے صوبوں کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کارکنان سے آئندہ اتوار کی ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔





