خیبرپختونخوا میں محکمہ ایکسائز کی منشیات کے خلاف کارروائیاں، آئس، چرس اور نشہ آور گولیاں برآمد

کاشف عزیز
پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں محکمہ ایکسائز نے منشیات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی مقدار میں آئس، چرس اور نشہ آور گولیاں برآمد کرکے متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق چارسدہ میں ایکسائز تھانہ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک موٹر کار سے 1005 گرام آئس برآمد کرلی۔ کارروائی کے دوران مہمند خان نامی ملزم کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔

دوسری کارروائی پشاور رنگ روڈ پر ایکسائز انٹیلیجنس بیورو نے کی، جہاں ایک ٹرک کی تلاشی کے دوران 4623 گرام وزنی 7174 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں۔

حکام کے مطابق گولیاں ٹرک کی ڈرائیور سیٹ کے پیچھے چھپائی گئی تھیں، جبکہ کارروائی میں سردار خان نامی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق چارسدہ اور پشاور میں کی گئی دونوں کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 1005 گرام آئس اور 7174 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔

دریں اثنا صوابی میں بھی محکمہ ایکسائز نے منشیات کی بھاری کھیپ کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ جمال آباد صوابی کے قریب ایکسائز ٹیم نے مشکوک گاڑی کا تعاقب کرکے اسے قابو کیا، جس کی تلاشی کے دوران 240 کلوگرام یعنی 240,000 گرام چرس برآمد ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں 62 خواتین لیکچررز کے تبادلے، نوٹیفکیشن جاری

محکمہ ایکسائز کے مطابق کارروائی کے دوران گاڑی میں سوار ملزمان نے ایکسائز اسکواڈ کی گاڑیوں کو ٹکر مار کر نقصان پہنچایا اور بعد ازاں گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے تلاش جاری ہے۔

واقعے کا مقدمہ تھانہ ایکسائز صوابی میں درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق صوبائی حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔

وزیر ایکسائز سید فخر جہان کی ہدایات پر منشیات کی اسمگلنگ اور کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں۔

Scroll to Top