اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے لیے گنڈی چوک میں جمع ہونے والے کارکنان کو مبینہ طور پر قیادت کی عدم موجودگی اور ناقص انتظامات کا سامنا ہے، جبکہ شفیع جان کی عدم موجودگی پر کارکنان میں مایوسی اور بے چینی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق گنڈی چوک میں کارکنان کی بڑی تعداد کی آمد کے دعوے کیے گئے تھے، تاہم موقع پر موجود صورتحال ان دعووں سے مختلف دکھائی دے رہی ہے۔ کارکنان کے لیے مناسب انتظامات، بیٹھنے کی جگہ، سایہ اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکنان قیادت اور منتظمین کی جانب سے رہنمائی کے منتظر ہیں، جبکہ شفیع جان کی موقع پر عدم موجودگی پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ڈالر چھاپ ’’یوتھیوبرز‘‘ غائب، عوام سڑکوں پر، لانگ مارچ کیلئے اکسانے والے منظر سے اوجھل
کارکنان میں یہ تاثر پایا جا رہا ہے کہ انہیں گنڈی چوک میں مناسب انتظامات اور واضح قیادت کے بغیر چھوڑ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب لانگ مارچ سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے بڑے قافلوں اور بھرپور عوامی شرکت کے دعوے بھی کیے گئے تھے، تاہم گنڈی چوک کی صورتحال نے ان دعوؤں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ مقامی سطح پر کم عوامی شرکت اور انتظامی مسائل کے باعث احتجاجی مہم کی تیاریوں پر بھی تنقید کی جا رہی ہے۔





