پاکستان میں تعینات امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے چھاتی کے کینسر کا شکار ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت تشخیص، آگاہی اور مؤثر طبی سہولیات اس بیماری کے خلاف جنگ میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
پمزہسپتال میں بریسٹ کینسر آگاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی ناظم الامورنیٹلی بیکر نے کہاکہ چھاتی کے کینسر کی تشخیص کسی کے لیے بھی آسان خبر نہیں، تاہم ابتدائی مرحلے میں بیماری کی شناخت اور بروقت علاج سے اس کا مؤثر مقابلہ ممکن ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چھاتی کے کینسر کے حوالے سے علامات کو پہچاننا، اپنے جسم میں ہونے والی تبدیلیوں پر توجہ دینا اور طبی معائنہ کروانا انتہائی ضروری ہے، اس بیماری پر کھل کر بات کی جانی چاہیے، کیونکہ طویل عرصے تک اسے معاشرتی طور پر ایک ممنوع موضوع سمجھا جاتا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ چھاتی کا کینسر صرف خواتین تک محدود نہیں بلکہ مرد بھی اس بیماری سے متاثر ہو سکتے ہیں، اس لیے دونوں میں آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے، بروقت تشخیص نہ صرف مریض بلکہ اس کے خاندان اور قریبی عزیزوں کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہے۔
امریکی ناظم الامور نے پمز میں بریسٹ کینسر اسکریننگ سینٹر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ مرکز میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور نئی مشینوں کی دستیابی اس بیماری کی تشخیص اور علاج کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے طبی عملے، مقامی اداروں اور اس مقصد کے لیے کام کرنے والوں کی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔





