وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع میں امن و امان کی بحالی، گڈ گورننس اور ترقیاتی عمل کو یقینی بنانے کے لیے علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل یعنی اے آر ڈی سی کے 48 نمائندگان کے ناموں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے۔
اس کونسل کے قیام کا بنیادی مقصد صوبے کے مخصوص اضلاع میں انتظامی ڈھانچے کو مؤثر بنانا اور مقامی عمائدین کی مشاورت سے امور کو چلانا ہے۔
اس کونسل کے لیے نگران و انتظامی عمل کا آغاز اضلاع کی سطح پر جرگوں کے انعقاد سے کیا گیا۔ جن 12 اضلاع کے لیے یہ تقرریاں کی گئی ہیں ان میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، اپر جنوبی وزیرستان اور لوئر جنوبی وزیرستان شامل ہیںو جہاں ڈپٹی کمشنرز کے تعاون سے مقامی آبادی کے پسندیدہ اور باوقار عمائدین کے چناؤ کے لیے جرگے منعقد کیے گئے۔
ان جرگوں اور مقامی مشاورت کے بعد نامزد کردہ ارکان کے ناموں کی پروسیسنگ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈمنسٹریٹر علاقہ ترقیاتی سیکرٹریٹ محمد یحییٰ اخونزادہ کی جانب سے کی گئی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے تمام متعلقہ فریقین کی مشاورت سے یہ نامزدگیاں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو ارسال کیں۔
چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے ضروری کارروائی کے بعد یہ فہرست گورنر خیبر پختونخوا کو بھجوائی، جنہوں نے حتمی کارروائی کے بعد ان ناموں کو منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا۔
مقرر کردہ ڈھانچے کے تحت علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے چیئرپرسن شوکت اللہ خان ہوں گے جن کا تعلق ضلع باجوڑ کے ترکانی قبیلے سے ہے جبکہ نائب چیئرمین کے لیے ضلع شمالی وزیرستان سے ملک خان مرجان کو نامزد کیا گیا ہے۔
اس کونسل کے لیے منظور کیے جانے والے کل 48 ارکان میں باجوڑ ضلع سے شوکت اللہ خان، شہاب الدین خان، ملک سلطان سبز، حاجی لالی شاہ اور شیریں خان شامل ہیں۔ مہمند ضلع سے ملک فیاض خان، ملک نادر منان اور ملک صاحب خان عنبر نامزد ہوئے ہیں۔
خیبر ضلع سے ملک عبدالرازق، ملک عزت اللہ، ملک صلاح الدین، ملک ظاہر شاہ اور شیریں خان کو شامل کیا گیا ہے۔ اورکزئی ضلع سے لعل من شاہ، سید فخر عباس اور فیض اللہ اس کونسل کا حصہ ہیں۔
کرم ضلع سے منیر حسین بنگش، ملک عبدالولی خان، ملک زمین حسین، سید ولی میان اور احسان اللہ احسان نامزد کیے گئے ہیں۔ شمالی وزیرستان ضلع سے ملک خان مرجان، ملک نصر اللہ، مفتی مصباح اللہ خان، ملک حبیب خان اور ملک حاجی شیر محمد شامل ہیں۔
اپر جنوبی وزیرستان ضلع سے صالح شاہ، ملک عرفان الدین احمد برکی، ملک محمد رومان محسود اور ملک رمتال خان کو نامزد کیا گیا ہے۔ لوئر جنوبی وزیرستان ضلع سے ملک اللہ الدین وزیر، ملک جمیل توجئے خیل، چیف ملک معین الدین وزیر اور ملک سردار عباس شامل ہیں۔
بنوں ضلع سے باز محمد خان، مولانا عبدالغفار قریشی، ملک احسان خان اور ملک شیریں کو نامزد کیا گیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان ضلع سے عبدالحلیم، سردار آغاز خان گنڈاپور، سردار آباد خان اور قیصر خان ایڈوکیٹ اس کونسل کا حصہ ہیں۔
ٹانک ضلع سے نوابزادہ عبدالوھاب، عبداللہ منگیال اور عرفان اللہ کنڈی شامل ہیں۔ جبکہ لکی مروت ضلع سے مولانا محمد عمر اشرفی، ملک ادریس خان، نجیب اللہ خان اور رحمت اللہ عرف مٹی کو کونسل میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاک ایران بارڈر کی جلد بحالی کا امکان: اعلیٰ سطحی مذاکرات میں مثبت پیش رفت، تاجروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی
یہ تقرریاں اور کونسل کا قیام ابتدائی طور پر چھ ماہ کے مدتی کے لیے عمل میں لایا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد علاقائی سطح پر بہتری، امن و امان کا قیام اور ترقیاتی امور کی نگرانی کو مؤثر بنانا ہے۔





