خیبرپختونخوا حکومت نے پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے جاری منصوبوں کے لیے 5 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔
سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) کے مطابق رواں مالی سال 2026-27 کے لیے پولیس کے 9 اہم منصوبوں کی مد میں 1 ارب 3 کروڑ 68 لاکھ روپے سے زائد رقم فراہم کی گئی ہے جبکہ ایکسلریٹڈ امپلیمنٹیشن پروگرام (اے آئی پی) اسکیموں کے لیے 4 ارب 26 کروڑ 75 لاکھ روپے دیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ مخصوص اضلاع میں پولیس کی تکنیکی اپ گریڈیشن کے لیے 1 ارب 86 کروڑ 75 لاکھ روپے اور پولیس و سی ٹی ڈی کے انفراسٹرکچر منصوبوں کے فیز ون اور فیز ٹو کے لیے الگ الگ 1 ارب 20 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
فنڈز کے تفصیلی درجے کے مطابق صوبے کی ہر تحصیل اور ٹاؤن ہیڈکوارٹر میں ماڈل پولیس اسٹیشنز کی تعمیر و فزیبلٹی کے لیے 2 کروڑ 70 لاکھ، تھانوں کی بحالی کے لیے 2 کروڑ 70 لاکھ، جبکہ سی ٹی ڈی کے ریجنل ہیڈکوارٹرز اور پولیس انفراسٹرکچر کی فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے الگ الگ 1 کروڑ 80 لاکھ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی پولیس اسٹیشن مندنی چارسدہ کے لیے 3 کروڑ، مردان میں 5 پولیس چوکیوں کی تعمیر کے لیے 1.5 کروڑ، پشاور ریجنل سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر کے لیے 60 کروڑ 48 لاکھ، ایف آر پی پولیس لائنز پشاور کی مرمت کے لیے 18 کروڑ 87 لاکھ اور ٹانک میں پولیس لائنز کی زمین کی ادائیگی کے لیے 4 کروڑ 70 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے اس موقع پر کہا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کے انفراسٹرکچر کو مضبوط اور جدید بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور اس ناسور کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔





