فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بیرونِ ملک سے لائے یا منگوائے گئے موبائل فونز کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بناتے ہوئے شہریوں کو سیلز ٹیکس ماہانہ اقساط میں ادا کرنے کی سہولت فراہم کر دی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ کسٹمز جنرل آرڈر کے تحت ڈیوائس آئیڈنٹیفکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (DIRBS) کے ذریعے درخواست دیتے وقت شہری اب ٹیکس کی رقم اقساط میں ادا کرنے کا انتخاب کر سکیں گے۔ نئے
طریقہ کار کے مطابق سیلز ٹیکس کو مالی سال کے اختتام (30 جون) تک کے باقی مہینوں کے حساب سے برابر اقساط میں تقسیم کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پہلی قسط کی ادائیگی درخواست کے وقت جاری ہونے والی پی ایس آئی ڈی (PSID) کے ذریعے ہوگی، جبکہ باقی اقساط کے لیے ہر ماہ الگ سے پی ایس آئی ڈی جاری کی جائے گی۔
صارفین کے پاس یہ اختیار بھی ہوگا کہ وہ بقایا ٹیکس کی رقم مقررہ وقت سے پہلے ادا کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اہم خبر
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسط کی مقررہ تاریخ پر عدم ادائیگی کی صورت میں صارف کو نادہندہ قرار دیا جائے گا۔ ایسی صورت میں متعلقہ موبائل فون کو فوری طور پر ڈی آئی آر بی ایس کے ذریعے بلاک کر دیا جائے گا اور تمام واجب الادا ٹیکس ایک ساتھ قابل ادائیگی ہو جائے گا۔





