اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی خبر! نادرا نےاہم مشکل حل کر دی

قومی شناختی کارڈ برائے اوورسیز پاکستانیز (نائیکوپ) اور ڈیجیٹل شناخت حاصل کرنے کے خواہش مند بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے نادرا نے ایک اہم اور بڑی وضاحت جاری کی ہے۔

نادرا پوڈ کاسٹ میں کینیڈا سے ایک شہری کی جانب سے غیر ملکی موبائل نمبر پر پاک آئی ڈی کی درخواست دینے کے طریقہ کار کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نادرا سید شباہت علی نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی غیر ملکی موبائل نمبر کا استعمال کرتے ہوئے بھی اپنا پاک آئی ڈی اکاؤنٹ باآسانی فعال کر سکتے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ نائیکوپ سمیت دیگر اہم دستاویزات اور خدمات کے حصول کے لیے ضروری نہیں کہ درخواست گزار کے پاس پاکستانی موبائل نمبر ہی موجود ہو، بلکہ صارف جس ملک میں مقیم ہے وہاں کا نام اور وہاں کا مقامی نمبر بھی اندراج کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔

نادرا حکام کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد نائیکوپ بنانے کے لیے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا استعمال کرتی ہے لیکن کچھ صارفین کو اکاؤنٹ بناتے وقت صرف پاکستانی نمبر درج کرنے کا آپشن ملتا ہے جس کی بنیادی وجہ ’کنٹری آف اسٹے‘ کے خانے میں غلطی سے پاکستان کو منتخب کرنا ہوتا ہے۔ جب صارف پاکستان منتخب کرتا ہے تو سسٹم لازمی طور پر پاکستانی نمبر کا تقاضا کرتا ہے کیونکہ تصدیقی او ٹی پی کوڈ اسی نمبر پر بھیجا جاتا ہے۔

نادرا نے اوورسیز پاکستانیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اکاؤنٹ بناتے وقت اپنے قیام کے اصل ملک کا انتخاب کریں، مثال کے طور پر کینیڈا کا رہائشی کینیڈا منتخب کر کے اپنا کینیڈین نمبر درج کرے تاکہ وہاں کا نمبر رجسٹر ہو کر او ٹی پی موصول ہو سکے۔

ادارے نے واضح کیا کہ پاک آئی ڈی کی ڈیجیٹل شناخت کی فعال سازی موبائل نمبر کے بغیر ممکن نہیں، تاہم یہ نمبر پاکستان ہی کا ہو، یہ شرط بالکل لازم نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سفارتی کوششوں کے اثرات: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی

یاد رہے کہ نائیکوپ ان پاکستانی شہریوں کے لیے نادرا کا جاری کردہ قانونی شناختی کارڈ ہے جو بیرون ملک تعلیم، ملازمت یا مستقل رہائش پذیر ہیں یا کسی دوسرے ملک کی شہریت رکھتے ہیں۔

Scroll to Top