خیبرپختونخوا میں جدید اینٹی ڈرون نظام فعال، مشکوک ڈرون کی نشاندہی سیف سٹی کنٹرول روم سے ہوگی

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس نے ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون نظام کو سیف سٹی منصوبے سے منسلک کردیا ہے، جس کے بعد ڈرونز کے ذریعے فضائی نگرانی اور مشکوک ڈرونز کی نشاندہی کا عمل مرکزی کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جاسکے گا۔

پولیس حکام کے مطابق ملک میں پہلی مرتبہ ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کو سیف سٹی منصوبے کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ اس نظام کا مقصد امن و امان کی صورتحال پر نظر رکھنے، حساس مقامات کی نگرانی اور مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون اور اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کو سیف سٹی کے مرکزی کنٹرول روم سے براہ راست منسلک کیا گیا ہے۔ اینٹی ڈرون نظام اپنے ریڈار کی حدود میں پرواز کرنے والے ڈرونز کو مانیٹر کرے گا، جبکہ کسی مشکوک ڈرون کی ریڈار ایریا میں آمد پر کنٹرول روم کو فوری الرٹ موصول ہوگا۔

پولیس کے مطابق پشاور میں نصب ایک اینٹی ڈرون نظام پانچ کلومیٹر کے علاقے کو کور کرے گا۔ یہ ٹیکنالوجی امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفاعی اور جارحانہ حکمت عملیوں میں معاونت فراہم کرنے کے ساتھ سیکیورٹی اداروں کو فضائی صورتحال سے باخبر رکھنے میں بھی مدد دے گی۔

یہ بھی پڑھیں : صحت کی سہولیات میں غفلت پر کوئی رعایت نہیں ہوگی، ڈی سی لکی مروت شاہد رفیق کا بڑا فیصلہ

پولیس حکام کے مطابق ڈرون یونٹس کے ذریعے حساس مقامات، ٹریفک کی صورتحال اور جرائم کی 24 گھنٹے فضائی نگرانی میں مدد ملے گی۔ اس نظام کو پشاور کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور لکی مروت میں بھی سیف سٹی منصوبوں کے ساتھ فعال کرنے کا بتایا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جدید ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال سے دہشت گردی، جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں اور دیگر مشکوک نقل و حرکت کی بروقت نشاندہی میں مدد مل سکتی ہے۔

اس کے علاوہ سیف سٹی کنٹرول روم کے ذریعے صوبے میں ڈرونز سے ہونے والی فضائی نگرانی اور آپریشنز کی براہ راست مانیٹرنگ بھی ممکن ہوگی۔

خیبرپختونخوا پولیس کے اس اقدام کو سیکیورٹی نگرانی کے نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

Scroll to Top