پشاور: خیبر پختونخوا کی سیاست اور انتظامی اصلاحات کے حوالے سے ایک بڑا بریک تھرو سامنے آیا ہے۔ ملک کی معروف سیاسی و مذہبی جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) کا پشاور میں واقع مرکزی دفتر مفتی محمود مرکز سرکاری زمین پر غیر قانونی تجاوزات کی زد میں آ گیا ہے۔
متعلقہ اداروں اور سروے رپورٹس کے مطابق مرکزی دفتر کے بعض حصے سرکاری اراضی پر نام نہاد اور غیر قانونی طور پر قائم کیے گئے ہیں، جس پر انتظامیہ نے اراضی واگزار کرانے کے لیے نوٹسز جاری کر دیے ہیں اور کسی بھی وقت گرینڈ آپریشن متوقع ہے۔
تاہم ذرائع کے مطابق قانونی کارروائی اور آپریشن سے بچنے کے لیے جے یو آئی کے سربراہ فضل الرحمان اور جماعتی قیادت نے اپنے مدرسے کے طالب علموں اور کارکنوں کو مرکز کے اطراف میں انسانی ڈھال بنا کر کھڑا کر دیا ہے، جس سے قانون کی عملداری اور ریاست کے رٹ کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
قانون سے بالاتر کوئی نہیں: کیا اصولوں کے دعوے صرف تقریروں تک محدود ہیں؟
عوام کو روزمرہ زندگی میں اصولوں، نظریات اور قانون کی پاسداری کا درس دینے والی جماعت جے یو آئی کے اپنے مرکزی دفتر سے متعلق سامنے آنے والے اس واقعے نے کئی سنگین سوالات کو جنم دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک کے 30 ہزار مدارس پر فضل الرحمان کا قبضہ، بغیر آڈٹ سالانہ اربوں کے فنڈز اور معصوم بچوں کے سیاسی استعمال کا سنسنی خیز انکشاف
اگر سرکاری سروے رپورٹ میں اراضی پر قبضے اور تجاوزات کی واضح نشاندہی ہوئی ہے، تو کسی بھی سیاسی جماعت یا مذہبی مرکز کو قانون سے بالاتر قرار نہیں دیا جا سکتا۔
انتظامی اصلاحات کے بنیادی اصول کے مطابق سرکاری زمینوں سے تجاوزات کے خاتمے کا قانون تمام عام شہریوں، کاروباری مراکز اور سیاسی جماعتوں کے دفاتر پر یکساں لاگو ہونا چاہیے۔
کارکنوں کا گھیراؤ اور آپریشن کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش
انتظامیہ کی جانب سے ممکنہ گرینڈ آپریشن کی اطلاعات سامنے آتے ہی مفتی محمود مرکز میں جے یو آئی کارکنوں اور طلبا کی بڑی تعداد جمع ہو گئی ہے۔
جماعت کے مقامی عہدیداروں اور کارکنوں نے برسرِ عام اعلان کیا ہے کہ وہ مرکز کا ایک انچ حصہ بھی گرانے یا واگزار کرنے نہیں دیں گے۔
ریاستی اراضی کی واگزاری کے اس خالصتاً قانونی اور انتظامی معاملے میں کارکنوں کی جتھہ بندی نے آپریشن کو سیاسی رنگ دینے اور تصادم کی فضا پیدا کرنے کے شدید خدشات جنم دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں جدید اینٹی ڈرون نظام فعال، مشکوک ڈرون کی نشاندہی سیف سٹی کنٹرول روم سے ہوگی
ترجمان جے یو آئی کا مؤقف
دوسری جانب جے یو آئی کے صوبائی ترجمان عبدالجلیل جان نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے انہیں باقاعدہ کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا اور انہیں میڈیا کے ذریعے ہی معلوم ہوا ہے کہ مفتی محمود مرکز تجاوزات کی زد میں آیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مرکز کے باہر سڑک پر جو حفاظتی رکاوٹیں قائم ہیں، وہ ماضی میں خود انتظامیہ ہی نے رکھی تھیں۔
حقیقت بمقابلہ طاقت کا مظاہرہ: شفاف تحقیقات اور آڈٹ کا مطالبہ
نوٹس موصول ہونے یا نہ ہونے کی بحث سے قطع نظر، بنیادی اور اصل سوال یہ ہے کہ کیا سرکاری سروے رپورٹ اور اراضی کے ریکارڈ کی روشنی میں قانون کو اپنا راستہ بنانے دیا جائے گا، یا پھر مذہبی طالب علموں اور کارکنوں کا اجتماع انتظامیہ کے راستے میں رکاوٹ بنے گا؟
سیاسی و اخلاقی تقاضا یہ ہے کہ جے یو آئی کی قیادت طاقت کے مظاہرے اور طالب علموں کو ڈھال بنانے کے بجائے زمین کے اصل دستاویزات اور قانونی ریکارڈ کی بنیاد پر اپنا دفاع کرے اور اداروں کے ساتھ تعاون کرے۔ اگر تعمیرات واقعی سرکاری اراضی پر قبضے کی زمرے میں آتی ہیں تو بلا تفریق و استثنا کارروائی ہونی چاہیے۔





