ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خیبرپختونخوا کی مختلف جامعات کے طلبہ و طالبات اور سینئر فیکلٹی ممبران کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا پرتپاک استقبال کیا اور طلبہ کی جانب سے انہیں روایتی پختون پگڑی اور چادر بھی پہنائی گئی۔
خصوصی نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ سے ملکی سیکیورٹی صورتحال اور علاقائی چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں آخری دہشت گرد کے مکمل خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پختون قوم اور خیبرپختونخوا پولیس کی پاکستان کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پورا ملک ان کی قربانیوں کا معترف ہے۔
انہوں نے نوجوان نسل کے پاک فوج پر اعتماد اور وطن کی سلامتی کے لیے ان کے جذبے کو قابلِ تحسین قرار دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن قوتوں اور شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو باہمی اتحاد اور قانون کی بالادستی کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا۔
نشست کے اختتام پر طلبہ نے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے اور دفاعِ وطن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
شریک طلبہ کا کہنا تھا کہ اس اہم نشست سے انہیں خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی کے حوالے سے پاک فوج کے اہم کردار اور صورتحال کو سمجھنے کا بہترین موقع ملا ہے اور انہیں اپنی افواج پر فخر ہے۔





