فضل الرحمٰن کےمدارس میں قانونی خلاف ورزیوں کےسنسنی خیز انکشافات،15دن کاالٹی میٹم

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قانون کی بالادستی اور بلڈنگ کنٹرول قوانین کے نفاذ کے لیے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ایک بڑا اور سرپرائز ایکشن شروع کر دیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمٰن سے منسلک متعدد نامور مدارس میں بلڈنگ کنٹرول قوانین، سیٹ بیکس اور غیر مجاز تعمیرات کی سنگین خلاف ورزیوں کا سنسنی خیز انکشاف ہوا ہےجس پر انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے سخت ترین نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

سی ڈی اے کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول کی جانب سے مدرسہ اختر العلوم (واقع بلال ٹاؤن، کورنگ نالہ، کھنہ ڈاک) کی انتظامیہ کو باضابطہ نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹس کے مطابق مدرسے کی عمارت منظور شدہ بلڈنگ پلان اور نقشے کے بغیر ہی تعمیر کی گئی ہے جو کہ واضح قانون شکنی ہے۔

سی ڈی اے نے مدرسہ اختر العلوم کو 15 روز کے اندر منظور شدہ تعمیراتی نقشے جمع کروانے کی ہدایت کی ہے اور صاف الفاظ میں انتباہ جاری کیا ہے کہ عدم تعمیل کی صورت میں عمارت کو فوری طور پر سیل (Seal) کر دیا جائے گا۔

اسی طرح سیکٹر F-8/3، گلی نمبر 6، مکان نمبر 3 میں قائم ادارہ معارف اسلامیہ، شریعہ ربانیہ، تفہیم القرآن کے خلاف بھی سی ڈی اے کی انکوائری رپورٹ میں چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

مدرسے کی عمارت میں سیٹ بیکس (خالی جگہوں) پر غیر قانونی طور پر شٹرنگ اور تعمیرات کی گئی ہیں جبکہ چھت پر بھی غیر مجاز ملحقات تعمیر کیے گئے ہیں۔

سی ڈی اے نے سنگین اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ رہائشی سیکٹر کے مکان کو طے شدہ قوانین کے برعکس مدرسے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

سی ڈی اے نے ادارے کی انتظامیہ کو تمام تر خلاف ورزیاں 15 دنوں کے اندر ختم کرنے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر مقررہ مدت میں حکومتی احکامات کی تعمیل نہ کی گئی تو عمارت کو نہ صرف سیل کر دیا جائے گا بلکہ بھاری جرمانے اور پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخی کی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : مفتی محمود مرکز کے بعدفضل الرحمان کی اسلام آباد رہائش گاہ پر بھی تجاوزات کی نشاندہی، سی ڈی اے کا نوٹس جاری

سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں بلڈنگ قوانین اور سیفٹی کوڈز پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بلا تفریق کارروائی کے اس سلسلے کا مقصد دارالحکومت کی ماسٹر پلان کے مطابق دیکھ بھال کو یقینی بنانا ہے اور تمام مدارس اور نجی عمارتوں کو قانون کے دائرے میں لایا جا رہا ہے۔

Scroll to Top