پشاور: خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت میں سنگین بدعنوانی، کروڑوں روپے کے فنڈز کی خرد برد اور میڈیسن کوآرڈینیشن سیل (MCC) میں جعلی دستاویزات کے ذریعے 30 کروڑ روپے ہڑپ کرنے کے میگا کرپشن اسکینڈل میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔
جہاں نیب نے عمران خان کے “ٹائیگرز” کی جانب سے معصوم مریضوں کی ادویات پر شب خون مارنے کے الزام میں پی ٹی آئی کے بااثر کارکن اور سہیل آفریدی کے قریبی ساتھی عرفان الحق کو دھر لیا ہے۔
گرفتار مرکزی ملزم کو احتساب عدالت پشاور کے سامنے پیش کر دیا گیا، جہاں جج محمد حامد مغل نے کیس کے تمام قانونی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ملزم کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے قومی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے کر دیا اور تفتیشی ٹیم کو حکم دیا کہ ملزم کو 7 نومبر 2026ء کو دوبارہ عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔
احتساب عدالت میں ہونے والی اس اہم سماعت کے دوران نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر حبیب اللہ بیگ اور کیس کے تفتیشی افسر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
نیب پراسیکیوٹر حبیب اللہ بیگ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم عرفان الحق پر جعلی دستاویزات اور بوگس کاغذات کے ذریعے میڈیسن کوآرڈینیشن سیل میں کوالیفائی کرنے کا سنگین الزام ہے، جبکہ اس نے سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز شوکت علی کے ساتھ ملی بھگت اور گٹھ جوڑ کر کے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا شدید نقصان پہنچایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 13 سال میں عوامی خدمت کا جنازہ نکال کر صرف بغض اور نفرت کی سیاست کی گئی، وزیراعظم
نیب کی جانب سے پیش کیے گئے دستاویزی حقائق کے مطابق ملزم عرفان الحق کی فرنٹ فرم کو قواعد و ضوابط کو مکمل طور پر ہوا میں اڑا کر 300 ملین (30 کروڑ) روپے کے 5 بڑے پرچیز آرڈرز جاری کیے گئے اور انتہائی حیران کن طور پر صرف ایک ماہ کے مختصر عرصے میں 300 ملین روپے کی مکمل اور یکمشت ادائیگی بھی کر دی گئی۔
عدالت کو مزید بتایا گیا کہ پوری رقم پیشگی وصول کرنے کے باوجود ملزم نے محکمے کو 69.37 ملین (6 کروڑ 93 لاکھ) روپے مالیت کا طبی سامان اور ادویات سرے سے فراہم ہی نہیں کیں اور یہ خطیر رقم ہضم کر لی۔
نیب پراسیکیوٹر کے مطابق اس میگا خرد برد پر چیئرمین نیب نے 16 اپریل 2026ء کو ملزم عرفان الحق کے باقاعدہ وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، جس کے بعد نیب کی خصوصی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔
سماعت کے دوران نیب کی جانب سے مزید تفتیش اور کک بیکس کا سراغ لگانے کے لیے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی، تاہم عدالت نے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔
گرفتار ملزم سہیل آفریدی کا قریبی ساتھی اور پی ٹی آئی کا خاص ورکر ہے جس نے باہمی ملی بھگت اور اثر و رسوخ کے بل بوتے پر کرپشن کا بازار گرم کر رکھا تھا۔





