اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کی سابق صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 13 سالوں کے دوران عوامی خدمت اور فلاحی کاموں کے بجائے صرف سیاسی نعروں، اشتعال انگیزی اور سیاسی تقسیم کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز رکھی گئی۔
مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صوبے میں کبھی قبریں کھودی گئیں تو کبھی کپڑے لٹکائے جاتے رہے، جبکہ عوامی مفاد اور صوبے کی ترقی کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر فیصلے میں مزید تاخیر کی جاتی تو ملک اور صوبے کا ناقابل تلافی نقصان ہوتا، اسی لیے ناگزیر حالات کے پیش نظر خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ کرنا پڑا۔
وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ حکومت نے مذاکرات کے ذریعے معاملے کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کی، جس کے تحت پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی مشترکہ کمیٹی نے 48 گھنٹے تک طویل مذاکرات کیے، لیکن طے شدہ مسودے کی منظوری نہ مل سکی۔ بالآخر عوام، ملک، معیشت اور معاشرے کو مزید عدم استحکام سے بچانے کے لیے یہ کڑا اور حتمی فیصلہ کرنا پڑا۔
امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صوبے میں پولیس کی 5 ہزار خالی آسامیوں پر بھرتی تک نہیں کی گئی، جبکہ دستیاب تمام وسائل کو پولیس کی جدید اسلحے اور معیاری تربیت کی فراہمی پر خرچ ہونا چاہیے تھا۔
یہ بھی پڑھیں : کرائے پر لیا گیا گھر ہڑپ، فضل الرحمان نے غریب کو در بدر کر دیا، مالک کی گورنر خیبر پختونخوا سے واگزار کرانے کی اپیل
انہوں نے کہا کہ عوام، فوج اور پولیس نے مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا، جس میں پاکستان اور بالخصوص خیبر پختونخوا کے غیور عوام نے بے شمار جانی و مالی قربانیاں دیں۔
انہوں نے عزم کا اعادہ کیا کہ کے پی کے کے عوام کی ان قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔
صوبے کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی بلا تفریق خدمت کے لیے مسلم لیگ ن اپنی کوششیں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔
انہوں نے حکومتی امدادی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ فیول سبسڈی سکیم سے اب تک 1 کروڑ 30 لاکھ افراد مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت نے 75 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ غریب آدمی کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ملکی معیشت کو استحکام دینے اور اسے خطرات سے بچانے کے لیے تمام ممکنہ اور ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔





