خیبرپختونخوا میں گزشتہ 13 سالوں کے دوران پی ٹی آئی دورِ حکومت کی بدترین نااہلی، سستی، کاہلی، بے حسی اور انتظامی بددیانتی کے باعث جہاں ہر شعبہ زوال کا شکار رہا وہی عوام کی صحت اور معیاری خوراک کی فراہمی کو بھی مکمل طور پر پسِ پشت ڈال دیا گیا تھا۔
ماضی کے حکمرانوں کی بے حسی اور کرپشن کی پالیسیوں نے ملاوٹ مافیا اور منافع خوروں کو کھلی چھوٹ دے رکھی تھی جس کے نتیجے میں صوبے کا ہر شہری مضرِ صحت اور زہریلی اشیائے خوردونوش استعمال کرنے پر مجبور تھا۔تاہم موجودہ انتظامیہ نے باگ ڈور سنبھالتے ہی اس 13 سالہ تاریک دور کی بدانتظامی اور کاہلی کا قلع قمع کرنے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کی خصوصی اور سخت ہدایات پر عمل کرتے ہوئے خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں ایک تاریخی اور تند و تیز گرینڈ آپریشن شروع کر رکھا ہے جس کا مقصد عوام کی صحت پر ڈاکا ڈالنے والے عناصر کا بلاامتیاز صفایا کرنا ہے۔اسی سلسلے میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چھٹی کے روز بھی صوبے کے طول و عرض میں مسلسل چھاپے مار کر ایک بڑی تباہی کو ٹال دیا۔
مردان کے علاقے کاٹلنگ چونگی میں ایک زیرِ زمین قیمہ پروسیسنگ یونٹ پر اچانک چھاپہ مارا گیا جہاں سے 400 کلوگرام انتہائی بدبو دار اور مضرِ صحت قیمہ برآمد کر کے تلف کر دیا گیا جبکہ یونٹ کو موقع پر سیل کر کے مالک کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کا آغاز کیا گیا۔
اسی طرح تخت بھائی میں کارروائی کرتے ہوئے 500 لیٹر کیمیکل ملا ہوا دودھ سڑک پر بہا دیا گیا اور ذمہ دار دکاندار کو بھاری مالی جرمانہ عائد کیا گیا۔
مردان ہی کے علاقے پار ہوتی میں ایک اور گھناو¿نا انکشاف اس وقت ہوا جب مصالحہ جات اور خشک پیاز تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مارا گیا۔ وہاں ایکسپائرڈ فلیورز اور انتہائی غیر معیاری تیل کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ فوڈ اتھارٹی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے یونٹ کو سیل کیا اور 1,000 کلوگرام خشک پیاز سمیت تمام زہریلے اجزاء ضبط کر لیے۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں سامنے آنے والے حقائق مزید سنسنی خیز تھے۔ جمیل چوک رنگ روڈ پر واقع ایک غیر قانونی پروسیسنگ یونٹ میں دو سال پرانے سڑے ہوئے اور کیڑوں سے بھرے خشک پیاز کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کے لیے انتہائی خطرناک کیمیکل ”ہائیڈروجن پر آکسائیڈ“ سے ٹریٹ کیا جا رہا تھا۔
فوڈ سیفٹی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 1,550 کلوگرام خراب پیاز اور 390 لیٹر ہائیڈروجن پر آکسائیڈ قبضے میں لے کر قانونی عمل شروع کر دیا۔ اس کے علاوہ پشاور میں دودھ، مشروبات، ڈبل روٹی اور چکن لانے والی سڑکوں پر چلتی گاڑیوں کی بھی سرپرائز چیکنگ کی گئی جس دوران غیر معیاری پاپڑ و چپس سمیت 15 کلوگرام اشیاءتلف کی گئیں جبکہ 50 سے زائد دودھ کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ میں معیاری پائے گئے۔
صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی موجودہ انتظامیہ کی مستعدی کے نتائج واضح طور پر نظر آئے۔
مانسہرہ کے داخلی راستوں پر خصوصی ناکہ بندی کے دوران 200 کلوگرام ملاوٹ شدہ دودھ تلف کر کے متعلقہ افراد پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
وادی سوات میں گوشت اور قیمے کی دکانوں کے معائنے کے دوران 122 کلوگرام غیر معیاری چکن و قیمہ ضائع کیا گیا جبکہ فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس اور ہاسٹل کچنز کی انسپکشن کے دوران ایکسپائرڈ بریڈ برآمد ہونے پر جرمانوں کی سزا سنائی گئی۔
نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک میں ایک نمکو فیکٹری پر پڑے چھاپے میں 200 لیٹر استعمال شدہ جلا ہوا کوکنگ آئل اور 75 کلوگرام غیر معیاری نمکو تلف کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ صوابی، ملاکنڈ، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو، دیر لوئر اور چترال لوئر میں بھی سبزی، پھل، گوشت، دودھ کی دکانوں اور مذبح خانوں کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا اور قوانین توڑنے والوں کو بھاری جرمانوں اور امپروومنٹ نوٹسز کے ذریعے لگام دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : مالیاتی محاذ پر بڑی پیش رفت: پاکستان نے جی 24 کی صدارت سنبھال لیا!
ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے فیلڈ ٹیموں کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ ماضی کے 13 سالوں کی سستی اور غفلت کا دور اب ختم ہو چکا ہے۔ موجودہ انتظامیہ عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ملاوٹ مافیا کے خلاف یہ بے رحم مہم صوبے کے کونے کونے میں بلاامتیاز جاری رہے گی۔





