پشاور:حکومت کی جانب سے بے نامی جائیدادوں پر نوٹسز اور پارلیمان میں کرپشن و معاشی بلیک میلنگ پر کڑے احتساب کے گھیراؤ کے بعد جے یو آئی کے سربراہ فضل الرحمان کے موقف میں اچانک نماء پسپائی اور واضح یوٹرن سامنے آ گیا ہے۔
خواجہ آصف پر شدید اور جارحانہ حملوں کے بعد فضل الرحمان نے اچانک اپنے الفاظ سے پیچھے ہٹتے ہوئے لفاظی کا سہارا لینا شروع کر دیا ہے، جبکہ دوسری جانب ان کے ترجمان اور سیکرٹری جنرل عبدالغفور حیدری نے اسلام آباد میں صفائیاں پیش کرتے ہوئے حکومت کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کا تاثر قائم کر دیا ہے۔
پشاور میں سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے اپنے سابقہ سخت بیانات پر لفاظی کا سہارا لیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ خواجہ آصف ان کے محترم اور بھائی ہیں اور انہوں نے تو صرف تھوڑی گدگدی کی تھی، جس پر خواجہ آصف کو اگلے دن غصہ آ گیا۔
حکومتی وزراء کے کرارے جوابی وار سے بوکھلا کر فضل الرحمان نے اپنے بیان کو نرم کرنے کی ناکام کوشش کی، تاہم ساتھ ہی روایتی دھمکی آمیز انداز اپنا کر تحمل کا مظاہرہ کرنے کا عذر پیش کیا اور کہا کہ اگر انہوں نے جواب دیا تو حکومت کے لیے سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل عبدالغفور حیدری فضل الرحمان کو ملنے والے حکومتی نوٹسز اور بے نامی جائیدادوں کے خدشات پر سخت بوکھلاہٹ کا شکار نظر آئے اور اس کارروائی کو حکومتی “ہلکا پن” قرار دینے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں : جس محکمے کو چھیڑو وہاں کرپشن کی داستانیں نکلتی ہیں، سہیل آفریدی اور حادی پتنگ نے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا، ہر عہدے کی بولی لگائی گئی، ثمر بلور
انہوں نے دفاعی انداز اپناتے ہوئے سوال اٹھایا کہ فضل الرحمان کا گھر بے نامی ہے یا نیک نامی، حکومت اس کے حقائق سامنے لائے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے ریاستی اداروں اور ملکی سلامتی کے خلاف بیانیے پر سخت انتباہ پر عبدالغفور حیدری نے پرانے ذاتی تعلقات کا روپ دھارتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی سے ان کا اچھا تعلق رہا ہے اور وہ اور فضل الرحمان ان کی شادی پر بھی گئے تھے، مگر اب محسن نقوی کو نہ جانے کیا ہو گیا ہے۔
عبدالغفور حیدری نے فضل الرحمان کے احتساب اور جائیدادوں کی چھان بین سے بچنے کے لیے یہ روایتی دعویٰ بھی داغ دیا کہ وہ بغیر کسی تنخواہ کے ملک کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور پاک فوج کی عزت کرتے ہیں۔
تجزئیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں پر دباؤ بڑھانے کی ناکام کوششوں اور بے نامی جائیدادوں کے نوٹسز ملنے کے بعد فضل الرحمان گینگ اب مکمل طور پر دفاعی پوزیشن میں آ چکا ہے اور ان کے تازہ ترین بیانات ان کی شدید سیاسی تنہائی اور یوٹرن کا واضح ثبوت ہیں۔





