جس محکمے کو چھیڑو وہاں کرپشن کی داستانیں نکلتی ہیں، سہیل آفریدی اور حادی پتنگ نے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا، ہر عہدے کی بولی لگائی گئی، ثمر بلور

پشاور:خیبر پختونخوا کی سیاست میں دھماکے دار موڑ سامنے آ گیا ہے، جہاں گورنر خیبر پختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات ثمر ہارون بلور نے صوبائی حکومت کی بدعنوانی، افسرشاہی کی بولیوں اور مالی تباہ کاریوں کا چٹھا کھولتے ہوئےسہیل آفریدی کے انتہائی قریبی ساتھی حادی پتنگ پر اربوں روپے کی ننگی کرپشن اور نوکریوں کی فروخت کے سنسنی خیز الزامات عائد کر دیے ہیں۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ثمر ہارون بلور نے انکشاف کیا کہ سہیل آفریدی کے قریبی ساتھی حادی پتنگ نے خیبر پختونخوا کے سرکاری محکموں، تقرریوں، تبادلوں اور مختلف کاموں کے لیے باقاعدہ منڈی قائم کر رکھی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ہر کام اور ہر عہدے کے لیے باقاعدہ نرخ اور ریٹ لسٹ مقرر کی گئی تھی اور اسی من مانی ریٹ لسٹ کے مطابق افسران اور سرکاری اہلکاروں سے اربوں روپے وصول کیے گئے۔

ثمر ہارون بلور نے صوبے کے انتظامی ڈھانچے کی بدترین تباہی کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا کہ بعض اعلیٰ افسران کو محض دو ہفتوں کے وقفے سے ایک جگہ سے دوسری جگہ تبدیل کیا جاتا رہا اور ہر تبادلے کے عوض کروڑوں روپے کی رشوت وصول کی گئی، جو خیبر پختونخوا اور اس کے عوام کے روز مرہ کے حقوق کے ساتھ ایک کھلم کھلا کھلواڑ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ثمر ہارون بلور نے محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری کا باضابطہ چارج سنبھال لیا

مشیر اطلاعات نے انتہائی سنگین انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ اربوں روپے کی کرپشن کا یہ کالا دھندا چلانے کے بعد حادی پتنگ پاکستان سے فرار ہو چکا ہے۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ معاشی مجرموں کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا، ان کی وطن واپسی کے لیے متعلقہ ملک کی حکومت کے ساتھ قانونی سطح پر رابطہ کیا جا چکا ہے اور ملزم کو گرفتار کر کے واپس لانے کے لیے انٹرپول سے بھی باقاعدہ رجوع کر لیا گیا ہے۔

ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ ملک سے لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کے لیے تمام قانونی اور عالمی وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ایک ایک روپیہ واپس لایا جائے گا۔

صوبے کی دادہ دہندہ معاشی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے اہم ادارے، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (ٹی ایم ایز)، جامعات اور سرکاریہ ہسپتال اس وقت مکمل طور پر قنگال ہو چکے ہیں اور ان کے پاس ملازمین کو تنخواہیں دینے تک کے پیسے موجود نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : 72 ارب روپے کا غائب ریکارڈ اور 153 ارب کی ہیرا پھیری، پی ٹی آئی کے معاشی مجرموں کی الٹی گنتی شروع، ثمر بلور

انہوں نے کہا کہ نرسنگ اسٹاف اور پروفیسرز کی تنخواہوں کے لیے فنڈز میسر نہیں ہیں جبکہ دوسری طرف مختلف سرکاری محکموں میں اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آ رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صحت اور معدنیات سمیت جس محکمے کی فائل کھولی جاتی ہے، وہاں بدعنوانی اور بے ضابطگیاں سامنے آتی ہیں۔

ثمر ہارون بلور نے اعلان کیا کہ تمام محکموں کے مشیر اپنے اپنے شعبوں میں تحقیقات کر رہے ہیں اور یہ تمام شواہد اور نتائج بلا تاخیر عوام کے سامنے رکھے جائیں گے، جس کے بعد بدعنوانی میں ملوث افراد کے خلاف بغیر کسی رعایت کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انٹرویو کے اختتام پر ملکی سلامتی اور سیکیورٹی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے واضح اور سخت پیغام دیا کہ پاکستان کی سلامتی اور سالمیت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی نے بھی پاکستانی آبادی یا شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تو اس کا جواب دس گنا زیادہ شدت سے دیا جائے گا۔

Scroll to Top