بھارتی مظاہرین کی گرفت مضبوط :مودی بوکھلاہٹ کا شکار: بٹ چیٹ پر پابندی عائد کردی !

بھارت میںکاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بڑھتے ہوئے بڑے احتجاجی مظاہروں اور احتجاجی لہر سے خوفزدہ بھارتی حکومت نے آف لائن میسجنگ کا مقبول ذریعہ بننے والی معروف ایپ بٹ چیٹ (BitChat)کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے اسے ایپل اسٹور اور گوگل پلے اسٹور سے باضابطہ طور پر ہٹا دیا ہے۔

اس پیش رفت کی تصدیق ایپ کے خالق اور ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی (Jack Dorsey) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کی ہے۔

‘بٹ چیٹ بھارت میں بالخصوص سی جے پی کے احتجاجی مظاہروں میں شریک نوجوانوں اور مظاہرین کے درمیان زبردست مقبولیت حاصل کر چکی تھی۔

اس ایپ کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ کسی بھی قسم کے موبائل نیٹ ورک یا انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر کام کرتی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی صرف بلیو ٹوتھ کے ذریعے قریبی موبائل فونز کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑ کر پیغامات آگے منتقل کرتی ہےجس کی وجہ سے حکومتی بلاکنگ مکمل طور پر ناکام ہو جاتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق جب جولائی میں نئی دہلی کے تاریخی مقام جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی نے بڑا احتجاج کیا تھا تو بھارتی حکومت نے علاقے کا موبائل انٹرنیٹ مکمل طور پر بند کر دیا تھا۔ اس موقع پر مظاہرین نے آپس میں رابطے، ہدایات اور لاجسٹکس کو سنبھالنے کے لیے اسی ایپ کا سہارا لیا۔

اس ایپ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جولائی کے دوران پوری دنیا میں ہونے والی بٹ چیٹ کی کل ڈاؤن لوڈز کا 80 فیصد حصہ صرف بھارت میں دیکھا گیا۔

حال ہی میں بھارتی چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے مطالبے کے لیے ہونے والے مظاہروں میں بھی انٹرنیٹ کی معطلی کے بعد یہ ایپ مظاہرین کے لیے ریڑھ کی ہڈی بن گئی تھی۔

بھارت کی وزارتِ آئی ٹی کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق، بھارتی سیکیورٹی ایجنسیوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بٹ چیٹ میں صارف کو اپنا فون نمبر یا کسی قسم کی ذاتی رجسٹریشن فراہم نہیں کرنا پڑتی اور اس کا پورا سسٹم شدید انکرپٹڈ (Encrypted) ہے۔

اس تکنیکی ڈھانچے کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے پیغامات کو ٹریس کرنا، مانیٹر کرنا یا لوکیشن کا پتہ لگانا ناممکن ہو چکا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : ڈگری کی شرط ختم؟ جرمنی میں لاکھوں ملازمتیں پاکستانیوں کی منتظر

بھارتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اس ایپ پر غیر قانونی مواد موجود ہے اور یہ امن و امان کی صورتحال کے لیے سنگین خطرہ بن چکی تھی تاہم اس حوالے سے کوئی واضح ثبوت یا تفصیلی معلومات عام نہیں کی گئیں۔

فی الوقت بھارت کے اندر گوگل اور ایپل ڈیوائسز کے لیے اس ایپ کی ڈاؤن لوڈنگ کو مکمل طور پر بلاک کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top