ڈگری کی شرط ختم؟ جرمنی میں لاکھوں ملازمتیں پاکستانیوں کی منتظر

یورپ کی مضبوط ترین صنعتی اور تکنیکی معیشت جرمنی اس وقت سخت نوعیت کے ڈیجیٹل بحران کا شکار ہے جہاں ہنر مند آئی ٹی فورس کی شدید کمی نے سینکڑوں کمپنیوں کو اپنے روزگار کے دروازے دنیا کے لیے کھولنے پر مجبور کر دیا ہے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے جاری کردہ حالیہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس کے دوران جرمنی میں آئی ٹی کے مختلف شعبوں میں ایک لاکھ 9 ہزار سے زائد اسامیاں خالی رہ گئی تھیں، جنہیں پر کرنے کے لیے اب پاکستانی ہنر مندوں کے لیے بے شمار مواقع پیدا ہو چکے ہیں۔

جرمن انڈسٹری میں ٹیلی کمیونیکیشن، جدید الیکٹرانکس اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے مسلسل پھیلاؤ کی وجہ سے ٹیک ماہرین کی ضرورت اپنی تاریخی بلندیوں پر پہنچ چکی ہے۔ ملٹی نیشنل اور عالمی کارپوریٹ اداروں سے لے کر چھوٹی اور درمیانے درجے کی جرمن کمپنیوں تک، تمام ادارے تجربہ کار آئی ٹی پروفیشنلز کی تلاش میں ہیں۔

بیورو آف امیگریشن نے واضح کیا ہے کہ جرمن جاب مارکیٹ میں اس وقت چار اہم شعبوں پر سب سے زیادہ فوکس کیا جا رہا ہے جن میں جدید ترین پروگرامنگ زبانوں میں مہارت رکھنے والے ڈویلپرز جو صارفین کی ضرورت کے مطابق سسٹمز تیار کر سکیں۔کارپوریٹ اداروں کے اندر بنیادی رابطہ کاری اور سسٹمز کو مربوط رکھنے والے ماہرین۔ریاضی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے امتزاج سے پیچیدہ ڈیٹا کا تجزیہ کر کے کاروباری حل نکالنے والے پروفیشنلز اور سسٹمز اور انفراسٹرکچر کو محفوظ بنانے والے سائبر سیکیورٹی ڈومین کے ایکسپرٹس شامل ہیں ۔

پاکستانی شہریوں کے لیے اس تمام معاملے کا سب سے اہم پہلو جرمن ویزا پالیسی میں دی جانے والی خاص رعایت ہے۔

بیورو کے مطابق وہ افراد جن کے پاس باقاعدہ یونیورسٹی ڈگری نہیں ہے لیکن انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں ٹھوس اور عملی تجربہ موجود ہے وہ بھی جرمنی کے خصوصی ورک ویزا پروگرام کے تحت اپلائی کر سکتے ہیں۔

اگرچہ اس کے لیے مقررہ شرائط پورا کرنا لازمی ہےلیکن یہ اقدام ان ہنر مندوں کے لیے لائف چینجر ثابت ہو سکتا ہے جو صرف ڈگری نہ ہونے کی وجہ سے بیرونِ ملک جانے سے قاصر تھے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی انجینئرز کے لیے سنہری موقع: جرمنی نے روزگار کے دروازے کھول دیے!

جرمنی میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے پاکستانیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سب سے پہلے اپنی اہلیت اور ملازمت کے امکانات کا خود تجزیہ کریں۔

اس مقصد کے لیے جرمنی کی آفیشل ویب سائٹ Make it in Germany”پر جا کر Quick-Check ٹول کا استعمال کیا جا سکتا ہے جہاں ویزا کی اقسام، ضروری دستاویزات اور جاب سرچ کا مکمل قانونی اور محفوظ راستہ فراہم کیا گیا ہے۔

Scroll to Top