امریکی وزیر جنگ کی کرسی خطرے میں؟ مواخذے کی تلوار سر پر لٹکنے لگی

امریکی وسط مدتی انتخابات میں ایوان نمائندگان کا کنٹرول ڈیموکریٹس کے ہاتھ میں آنے کے بعد وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے لیے مشکلات بڑھنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، جبکہ ان کے خلاف مواخذے کی کارروائی بھی تیز ہونے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی برتری کے بعد پیٹ ہیگسیتھ کو کانگریس میں سخت سوالات اور ممکنہ مواخذے کی کوششوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس سلسلے میں بعض ریپبلکن ارکان کی جانب سے بھی حمایت ملنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق کانگریس ارکان ایران کے ساتھ جنگ شروع کرنے کے فیصلے، اس کی حکمت عملی، جنگ پر آنے والے بھاری اخراجات اور اہم فیصلوں سے کانگریس کو اعتماد میں نہ لینے کے معاملے پر وزیر جنگ سے جواب طلب کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد ڈیموکریٹس نے نہیں بلکہ ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے ستمبر 2026 میں پیش کی تھی۔ اس پیش رفت نے وزیر جنگ کے خلاف سیاسی دباؤ کو مزید نمایاں کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ریاستی امور میں وفاقی مداخلت ناکام: امریکی جج نے ٹرمپ کا مائنڈ گیم الٹ دیا!

اب ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی برتری کے بعد اس قرارداد اور ہیگسیتھ کے خلاف ممکنہ کارروائی کو نئی اہمیت حاصل ہو سکتی ہے۔ تاہم مواخذے کی کارروائی اور اس کے نتیجے کا انحصار کانگریس میں سیاسی حمایت اور آئینی طریقہ کار پر ہوگا

Scroll to Top