پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مقبول ویڈیو شیئرنگ ایپ ’ٹک ٹاک‘ پر پابندی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے جعلی، غلط اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
پی ٹی اے نے اپنے سرکاری فیس بک اکاؤنٹ پر جاری وضاحتی بیان میں واضح کیا کہ اتھارٹی کی طرف سے ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی ایپ پر کوئی نئی پابندی عائد کی گئی ہے۔
ادارے نے شہریوں اور صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر دھیان نہ دیں اور معلومات کی تصدیق کے لیے صرف پی ٹی اے کے سرکاری ذرائع پر اکتفا کریں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر سے پولیو کا نیا کیس سامنے آ گیا، ملک بھر میں تعداد 9 ہو گئی
خیال رہے کہ پاکستان میں غیر اخلاقی مواد کی شکایت پر ماضی میں بھی ٹک ٹاک کو کئی بار عارضی پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کا آغاز اکتوبر 2020 میں ہوا تھا، تاہم نومبر 2021 میں مواد کی مؤثر نگرانی کی یقین دہانی کے بعد اس سے پابندی ہٹا دی گئی تھی اور فی الوقت یہ سروس ملک بھر میں معمول کے مطابق فعال ہے۔





