خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر سے پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہونے کے بعد رواں برس ملک بھر میں متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے۔
اس نئے کیس کا انکشاف وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے انسداد پولیو سے متعلق اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ کے مطابق رواں سال سامنے آنے والے 9 کیسز میں سے 7 کا تعلق خیبر پختونخوا جبکہ 2 کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع خیبر اور بنوں سے 3، 3 جبکہ شمالی وزیرستان سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے اور ضلع خیبر سے ملنے والے کیسز کا تعلق افغان پولیو وائرس سے ہے۔
سندھ میں کراچی شرقی اور سجاول سے ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔
بریفنگ کے دوران افغانستان کے ساتھ سرحد پار آمد و رفت کو پاکستان میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں صورتحال کنٹرول میں ہے اور وہاں حالیہ عرصے میں کوئی نیا پولیو کیس سامنے نہیں آیا ہے۔





