آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) ہیڈ کوارٹرز تربیلا کا دورہ کیا جہاں جی او سی ایس ایس جی نے ان کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ وطن کی دفاع میں جان کی قربانی دینے والے ایس ایس جی کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
دورے کے دوران آرمی چیف کو ایس ایس جی کی مخصوص تربیت، آپریشنل تیاریوں اور مشن کے مطابق تدابیر پر جامع بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے جدید ترین سامان کی نمائش اور خصوصی آپریشنز میں ایس ایس جی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔
افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کے بلند حوصلے اور فرض شناسی کی تعریف کی۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر فیصل کریم کنڈی کی طلبہ کےلیے آسان اقساط پر اسکوٹر اسکیم متعارف کرانے کی ہدایت
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل تربیت اور آپریشنل تیاریوں پر توجہ برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔





